نغمہ فاطمہ نام رکھنا کیسا نیز اسکا مطلب؟
بسم اللہ الرحمن الرحيم
نغمہ فاطمہ نام رکھنے کا حکم
دار الافتاء اہلسنت (دعوت اسلامی)
سوال
اگر کسی بچی کا نام نغمہ ہو، تو کیا اس کا نام نغمہ فاطمہ کرسکتے ہیں؟
جواب
نغمہ کا معنی ہے ”پڑھنے میں اچھی آواز“، لہذا بچی کا نام نغمہ فاطمہ رکھ سکتے ہیں، البتہ بہتر یہ ہے کہ صرف فاطمہ نام رکھ لیں؛ کہ اس سے امید ہے کہ ان کی برکات بچی کے شامل حال ہوں گی، نیز اس سے حدیث پاک پر عمل بھی ہوگا، کہ حدیث پاک میں نبی کریم صلی اللہ تعالی علیہ و آلہ و سلم نے اچھے لوگوں کے نام پہ نام رکھنے کی ترغیب ارشاد فرمائی ہے۔
نغمہ نام کا معنی بیان کرتے ہوئے المنجد میں ہے ”(النغمۃ): پڑھنے میں اچھی آواز،جمع نغمات۔“ (المنجد، صفحہ 918، مطبوعہ: لاہور)
الفردوس بماثور الخطاب میں ہے "تسموا بخياركم" ترجمہ: اچھوں کے نام پر نام رکھو۔ (الفردوس بماثور الخطاب، جلد 2، صفحہ 58، حدیث 2328، دار الكتب العلمية، بيروت)
صدر الشریعہ، مفتی محمد امجد علی اعظمی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں: "بچہ کا اچھا نام رکھا جائے۔ ہندوستان میں بہت لوگوں کے ایسے نام ہیں، جن کے کچھ معنی نہیں یا اون کے برے معنی ہیں، ایسے ناموں سے احتراز کریں۔ انبیائے کرام علیہم الصلاۃ والسلام کے اسمائے طیبہ اور صحابہ و تابعین و بزرگان دِین کے نام پر نام رکھنا بہتر ہے، امید ہے کہ اون کی برکت بچہ کے شاملِ حال ہو۔" (بہار شریعت، جلد 3، حصہ 15، صفحہ 356، مکتبۃ المدینہ، کراچی)
مفتی احمد یار خان نعیمی علیہ الرحمۃمراٰۃ المناجیح میں فرماتے ہیں: "بہتر یہ ہے کہ انبیاء کرام یا حضور علیہ السلام کے صحابہ عظام، اہلبیت اطہار کے ناموں پر نام رکھے جیسے ابراہیم و اسمعیل، عثمان، علی، حسین و حسن وغیرہ عورتوں کے نام آسیہ، فاطمہ، عائشہ وغیرہ اور جو اپنے بیٹے کا نام محمد رکھے وہ انشاء اللہ بخشا جائے گا۔" ( مراٰۃ المناجیح، جلد 5، صفحہ 30، نعیمی کتب خانہ، گجرات)
نوٹ: ناموں کے بارے میں تفصیلی معلومات حاصل کرنے کے لیے دعوتِ اسلامی کے مکتبۃ المدینہ کی کتاب ”نام رکھنے کے احکام“ پڑھیں۔ اس میں بچوں اور بچیوں کے بہت سے اسلامی نام بھی لکھے ہوئے ہیں، وہاں سے دیکھ کر کوئی سا بھی اچھا نام رکھا جا سکتا ہے۔ نیچے دئے گئے لنک سے یہ کتاب ڈاؤن لوڈ بھی کی جا سکتی ہے۔
وَ اللہُ اَعْلَمُ عَزَّ وَ جَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَ اٰلِہٖ وَ سَلَّم
مجیب: مولانا محمد فراز عطاری مدنی
فتوی نمبر: WAT-5431
تاریخ اجراء: 07 ربیع الآخر 1448ھ / 19 ستمبر 2026ء