Bachi Ka Naam Nalain Fatima Rakhna

بچی کا نام نعلین فاطمہ رکھنا

مجیب:مولانا عبدالرب شاکر عطاری مدنی

فتوی نمبر:WAT-2936

تاریخ اجراء: 29محرم الحرام1446 ھ/05اگست2024  ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   بچی کا نام نعلین فاطمہ رکھنا کیسا ہے ؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

      نعلین کا معنی ہے:’’ دونوں جوتیاں ، جوتوں کا جوڑا‘‘،تو حضرتِ فاطمۃ الزھراء رضی اللہ تعالی عنھا کی طرف اس کی نسبت سے نعلین فاطمہ کا معنی ہوا " حضرتِ فاطمۃ الزھراء رضی اللہ تعالی عنھا کےنعلین( جوتے )"معنی کے لحاظ سے یہ نام رکھنا درست ہے ، البتہ بہتر یہ ہے کہ صرف فاطمہ نام رکھ لیں کہ نبی کریم صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم کی لاڈلی شہزادی کانام ہے اور حدیث پاک میں اچھوں کے نام پرنام رکھنے کی ترغیب ارشادفرمائی گئی ہے اوراس سے امیدہے کہ ان کی برکت بچی کے شامل حال رہے گی ۔

   مسند الفردوس میں ہے " تسموا بخیارکم "یعنی :اچھوں کے نام پر نام رکھو۔(مسند الفردوس ، جلد02،صفحہ 58، حدیث 2328، دارالکتب العلمیۃ، بیروت )

   فیروز اللغات میں ہے”نعلین:نعل کا تثنیہ ، جوڑا ، دونوں جوتیاں ، جوتوں کا جوڑا۔‘‘(فیروز اللغات ، صفحہ 1434 ، فیروز سنز ، لاھور )

   صدر الشریعہ مفتی محمد امجد علی اعظمی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں : ”بچہ کا اچھا نام رکھا جائے۔ ہندوستان میں بہت لوگوں کے ایسے نام ہیں ، جن کے کچھ معنی نہیں یا اون کے برے معنی ہیں ، ایسے ناموں سے احتراز کریں۔ انبیائے کرام علیہم الصلاۃ والسلام کے اسمائے طیبہ اور صحابہ و تابعین و بزرگان دِین کے نام پر نام رکھنا بہتر ہے ، امید ہے کہ اون کی برکت بچہ کے شاملِ حال ہو۔“ (بہار شریعت ، جلد3،حصہ 15، صفحہ356، مکتبۃ المدینہ، کراچی)

   نوٹ : ناموں کے بارے میں تفصیلی معلومات حاصل کرنے کے لیے دعوتِ اسلامی کے مکتبۃ المدینہ کی کتاب ”نام رکھنے کے احکام“ پڑھیں ۔ اس میں بچوں اور بچیوں کے بہت سے اسلامی نام بھی لکھے ہوئے ہیں ،وہاں سے دیکھ کر کوئی سا بھی اچھا نام رکھا جا سکتا ہے ۔ نیچے دئے گئے لنک سے یہ کتاب ڈاؤن لوڈ بھی کی جا سکتی ہے ۔

https://www.dawateislami.net/bookslibrary/ur/naam-rakhnay-kay-ahkam

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم