logo logo
AI Search

کنیت کو نام بنانا کیسا؟

بسم اللہ الرحمن الرحيم

کنیت بطورِ نام رکھ سکتے ہیں یا نہیں؟

دار الافتاء اہلسنت (دعوت اسلامی)

سوال

ام ہانی،ام حبیبہ وغیرہ نام رکھنا کیسا؟بعض لوگ کہتے ہیں کہ یہ کنتیں ہیں لہذا انہیں بطورِ کنیت تو رکھ سکتے ہیں مگر بطورِ نام نہیں رکھ سکتے، کیا یہ بات درست ہے؟

جواب

ام ہانی اور ام حبیبہ اپنی اصل کے اعتبارسے اگر چہ کنیتیں ہیں لیکن بطور نام رکھنا بھی جائز ودرست ہے جیساکہ حضرت عبد الرحمٰن بن عوف رضی اللہ عنہ کے صاحبزادے حضرت ابو سلمہ رضی اللہ عنہ کے بارے میں مشہور ہےکہ ان کی کنیت ہی ان کا نام ہے۔

فتح الباری میں ہے: ”و الكنية ما صدرت بأب أو أم“ ترجمہ: کنیت وہ علم ہے جو ”اب“ یا ”ام“ سے شرو ع ہو۔ (فتح الباری، جلد 06، صفحہ 560، بیروت)

کنیت کے بطور نام ہو نے کے متعلق عمدۃ القاری میں ہے: ”كثير من الأسماء المصدرة بالأب أو الأم لم يقصد بها الكنية، و إنما يقصد بها إما العلم و إما اللقب و لا يقصد بها الكنية“ ترجمہ: بہت سے نام ”اب، ام“ سے شروع ہوتے ہیں لیکن ان سے کنیت مقصود نہیں ہوتی بلکہ اس سے یا تو نام مقصود ہوتا ہے یا لقب، اس سے کنیت مراد نہیں ہوتی۔ (عمدۃ القاری، جلد 22، صفحہ 218، بیروت)

حضرت ابو سلمہ بن عبد الرحمٰن کی کنیت کے متعلق عمد ۃ القاری ہی میں ہے: ”و أبو سلمة هو ابن عبد الرحمن بن عوف و المشهور أن هذه الكنية هي اسمه“ ترجمہ: ابو سلمہ جو کہ عبد الرحمن بن عوف رضی اللہ عنہما کے بیٹے ہیں، ان کے متعلق مشہور ہےکہ ان کی کنیت ہی ان کانام ہے۔ (عمدۃالقاری، جلد 19، صفحہ 111، بیروت)

وَ اللہُ اَعْلَمُ عَزَّ وَ جَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَ اٰلِہٖ وَ سَلَّم

مجیب: مولانا عابد عطاری مدنی
فتوی نمبر: Web-2436
تاریخ اجراء: 05 ربیع الاول 1447ھ / 30 اگست 2025ء