logo logo
AI Search

میر حیدر نام رکھنا کیسا نیز اسکا مطلب؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

میر حیدر نام رکھنا

دار الافتاء اہلسنت (دعوت اسلامی)

سوال

میر حیدر نام رکھنا کیسا ہے؟

جواب

میر حیدر نام رکھ سکتے ہیں۔ میر کے معنی ہیں: سردار۔ اور حیدر حضرت علی رضی اللہ تعالی عنہ کا نام ہے، جس کے معنی ہیں: شیر۔ تو یوں میر حیدر کے معنی ہوئے: سردار شیر، اور بہتر یہ ہے کہ صرف حیدر نام رکھا جائے، کہ حضرت سیدنا مولا علی رضی اللہ تعالی عنہ کا نام ہے، اور حدیث مبارک میں اچھوں کے نام پر نام رکھنے کی ترغیب دلائی گئی ہے، لہذا حدیث پاک پر عمل کرنے کی نیت اور حضرت علی رضی اللہ تعالی عنہ کے نام مبارک سے برکت لینے کی نیت سے حیدر نام رکھا جائے، تو ان شاء اللہ عزوجل ثواب اور برکت نصیب ہوگی۔

صحیح مسلم شریف میں ہے ”فقال علی: أنا الذي سمتني أمي حيدره“ ترجمہ: حضرت علی رضی اللہ تعالی عنہ نے فرمایا: میں وہ ہوں کہ میری ماں نے میرا نام حیدر رکھا ہے۔ (صحیح مسلم، کتاب الجھاد، باب غزوۃ ذی قرد وغیرھا، ص 724، رقم الحدیث 807، دار الکتب العلمیۃ، بیروت)

اس کے تحت شرح نووی میں ہے ”حیدرۃ اسم للاسد، و کان علی رضی اللہ تعالی عنہ قد سمی اسدا فی اول ولادتہ“ ترجمہ: حیدر، شیر کا نام ہے اور حضرت علی رضی اللہ تعالی کی پیدائش ہوتے ہی ان کا نام شیر رکھا گیا۔ (شرح النووی علی صحیح مسلم، ج 06، ص 425، دار الحدیث، القاھرۃ)

المفهم لما أشكل من تلخيص كتاب مسلم ميں ہے "و الهاء في (حيدره)۔ ۔ ۔ زائدة للاستراحة" یعنی حیدرہ میں ہاء استراحت کے طور پہ زائد ہے۔ (المفهم لما أشكل من تلخيص كتاب مسلم، جلد 3، صفحہ 682، مطبوعہ:دمشق)

المنجد میں ہے الحیدر: شیر (المنجد، صفحہ 142، مطبوعہ: لاہور)

میر کے معنی کےمتعلق فیروز اللغات میں ہے میر: افسر، سردار، سر کردہ، سالار، چودھری، مقدم (فیروز اللغات، صفحہ 1393، فیروز سنز، لاہور)

نیکوں کے نام پر نام رکھنے کی ترغیب:

الفردوس بماثور الخطاب میں ہے "تسموا بخياركم" ترجمہ: اچھوں کے نام پر نام رکھو۔ (الفردوس بماثور الخطاب، جلد 2، صفحہ 58، حدیث 2328، دار الكتب العلمية، بيروت)

امام اہلسنت، امام احمد رضا خان قادری رحمۃ اللہ تعالی علیہ فرماتے ہیں: حدیث سے ثابت کہ محبوبانِ خدا، انبیاء و اولیاء علیہم الصلٰوۃ و الثناء کے اسمائے طیبہ پرنام رکھنا مستحب ہے جبکہ ان کے مخصوصات سے نہ ہو (فتاوی رضویہ، ج 24، ص685، رضا فاؤنڈیشن، لاہور)

نوٹ: ناموں کے بارے میں تفصیلی معلومات اور بچوں اور بچیوں کے اسلامی نام حاصل کرنے کے لیے مکتبۃ المدینہ کی جاری کردہ کتاب نام رکھنے کے احکام کا مطالعہ کیجئے۔ دئیے گئے لنک سے آپ اس کتاب کو ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔

وَ اللہُ اَعْلَمُ عَزَّ وَ جَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَ اٰلِہٖ وَ سَلَّم

مجیب: مولانا محمد نوید چشتی عطاری مدنی
فتویٰ نمبر: WAT-5122
تاریخ اجراء: 01 محرم الحرام 1448ھ / 17 جون 2026ء