کائنات نام رکھنا کیسا نیز اسکا مطلب؟
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
بچی کا نام کائنات رکھنا
دار الافتاء اہلسنت (دعوت اسلامی)
سوال
بچی کا نام کائنات رکھنا کیسا؟
جواب
کائنات کے معانی ہیں: تمام موجودات، سرمایہ، حقیقت۔ ان معانی کے اعتبار سے بچی کانام کائنات رکھ سکتے ہیں، البتہ! بہتر یہ ہے کہ نبی پاک صلی اللہ تعالیٰ علیہ و آلہ و سلم کی صاحبزادیوں، صحابیات اور اللہ پاک کی نیک بندیوں میں سے کسی کے نام پر بچی کا نام رکھا جائے کہ حدیث پاک میں اچھوں کے نام پرنام رکھنے کی ترغیب ارشاد فرمائی گئی ہے، نیز امید ہے کہ اچھے نام کی برکت اور ان بزرگ ہستیوں کی برکت بھی بچی کے شامل حال ہو گی۔
فیروز اللغات میں ہے کائنات: تمام موجودات (۲) حقیقت، حیثیت (۳) سرمایہ۔ پونجی۔ (فیروز اللغات، صفحہ 1044، فیروز سنز، لاہور)
الفردوس بماثور الخطاب میں ہے: تسموا بخياركم“ ترجمہ: اچھوں کے نام پر نام رکھو۔ (الفردوس بماثور الخطاب، جلد 2، صفحہ 58، حدیث 2328، دار الكتب العلمية، بيروت)
سنن ابو داؤد میں حضرت سیدنا ابودرداء رضی اللہ تعالی عنہ سے مروی ہے کہ نبی کریم صلی اللہ تعالی علیہ و آلہ و سلم نے فرمایا: إنكم تدعون يوم القيامة بأسمائكم، و أسماء آبائكم، فأحسنوا أسماءكم" ترجمہ: بروز قیامت تم اپنے اور اپنے باپوں کے ناموں سے پکارے جاؤ گے، اس لئے اپنے نام اچھے رکھا کرو۔ (سنن ابی داؤد، صفحہ 775، حدیث 4948، دار الکتب العلمیۃ، بيروت)
صدر الشریعہ مفتی محمد امجد علی اعظمی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں: بچہ کا اچھا نام رکھا جائے۔ ہندوستان میں بہت لوگوں کے ایسے نام ہیں، جن کے کچھ معنی نہیں یا اون کے برے معنی ہیں، ایسے ناموں سے احتراز کریں۔ انبیائے کرام علیہم الصلاۃ و السلام کے اسمائے طیبہ اور صحابہ و تابعین و بزرگان دِین کے نام پر نام رکھنا بہتر ہے، امید ہے کہ اون کی برکت بچہ کے شاملِ حال ہو۔ (بہار شریعت، جلد 3، حصہ 15، صفحہ 356، مکتبۃ المدینہ، کراچی)
مفتی احمد یار خان نعیمی رحمۃ اللہ تعالی علیہ فرماتے ہیں: اچھے نام کا اثر، نام والے پر پڑتا ہے۔ ۔ ۔ بہتر یہ ہے کہ انبیاء کرام یا حضور علیہ السلام کے صحابہ عظام، اہل بیت اطہار کے ناموں پر نام رکھے۔ جیسے ابراہیم و اسماعیل، عثمان، علی، حسین و حسن وغیرہ۔ عورتوں کے نام آسیہ، فاطمہ، عائشہ وغیرہ اور جو اپنے بیٹے کا نام محمد رکھے وہ ان شاء اللہ بخشا جائے گا اور دنیا میں اس کی برکات دیکھے گا۔ (مراۃ المناجیح، ج 5، ص 30، نعیمی کتب خانہ، گجرات)
نوٹ: ناموں کے بارے میں تفصیلی معلومات حاصل کرنے کے لیے دعوتِ اسلامی کے مکتبۃ المدینہ کی کتاب نام رکھنے کے احکام پڑھیں۔ اس میں بچوں اور بچیوں کے بہت سے اسلامی نام بھی لکھے ہوئے ہیں، وہاں سے دیکھ کر کوئی سا بھی اچھا نام رکھا جا سکتا ہے۔ نیچے دئے گئے لنک سے یہ کتاب ڈاؤن لوڈ بھی کی جا سکتی ہے۔
وَ اللہُ اَعْلَمُ عَزَّ وَ جَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَ اٰلِہٖ وَ سَلَّم
مجیب: ابو شاہد مولانا محمد ماجد علی مدنی
فتویٰ نمبر: WAT-5110
تاریخ اجراء: 27 ذوالحجۃ الحرام 1447ھ / 13 جون 2026ء