احرام کی خلاف ورزی پر لازم صدقہ کہاں ادا کرنا چاہیے؟
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
احرام کی خلاف ورزی پر لازم آنے والا صدقہ کہاں دے سکتا ہے؟
دار الافتاء اہلسنت (دعوت اسلامی)
سوال
اگر کسی کے اوپر عمرہ میں غلطیوں کی وجہ سے صدقات واجب ہوں، تو کیا اسے وہ صدقات اپنے ملک میں دینا ضروری ہے۔؟ مثلا اگر کوئی امریکہ کا مقیم ہے، اور اس کے ساتھ عمرہ پر یہ معاملہ ہوتا ہے، تو کیا وہ یہ صدقات پاکستان میں دے سکتا ہے؟
جواب
حج یا عمرہ میں جن غلطیوں کے سبب صدقہ واجب ہوتا ہے، ان میں حدود حرم یا کسی خاص مقام میں صدقہ دینا ضروری نہیں بلکہ کہیں بھی صدقہ دیا جاسکتا ہے۔ لہذا اگر کوئی شخص امریکہ میں مقیم ہے اور اس سے حج یا عمرہ میں ایسی غلطی سرزد ہوجائے، جس کی وجہ سے اس پر صدقہ لازم ہوجائے، تو اس صورت میں اسے اختیار ہے، چاہے تو حدود حرم میں صدقہ دے دے اور چاہے تو امریکہ یا پاکستان وغیرہ کسی اور ملک میں صدقہ دے دے۔
نوٹ: یاد رہے! یہ حکم صدقہ کے حوالے سے تھا، اور اگر حج یا عمرہ میں کوئی ایسی غلطی سرزد ہوئی، جس سے دم لازم آگیا، تو اس صورت میں حدود حرم میں ہی دم دینا لازم ہوگا، اس کے علاوہ کسی اور جگہ نہیں دے سکتے۔
وَ اللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَ اٰلِہٖ وَ سَلَّم
مجیب: مولانا محمد ابوبکر عطاری مدنی
فتویٰ نمبر: WAT-1633
تاریخ اجراء: 21 شوال المکرم 1444ھ / 12 مئی 2023ء