logo logo
AI Search

اگر عمرہ میں حلق کرنا ممکن نہ ہو تو حلق کا حکم؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

حلق و تقصیردونوں ہی ممکن نہ ہوں تو کیا حکم ہے؟

دار الافتاء اہلسنت (دعوت اسلامی)

سوال

میں نے عمرہ کر کے حلق کروایا تھا، پھر جلد ہی عمرہ کیا، بال ابھی ایک پورے سے چھوٹے ہیں، تو میں احرام سے کیسے باہر آسکتا ہوں، جبکہ میں حلق نہیں کروا سکتا، کیونکہ سر میں دانے ہیں؟

جواب

اگر کسی کے لئے عذر کے سبب حلق اور تقصیر دونوں ہی ممکن نہ ہوں، مثلاً بال چھوٹے ہوں، جس کے سبب تقصیر ممکن نہیں اور سر میں پھوڑے پھنسیاں ہیں جس کی وجہ سے کم ازکم چوتھائی سر کا بھی حلق نہیں ہوسکتا، تو اب حلق اور تقصیر دونوں معاف ہو جاتے ہیں اور اس صورت میں حلق و تقصیر چھوڑنے کی وجہ سے کفارہ لازم نہیں ہوگا۔ اس کے مطابق پوچھی گئی صورت میں اگر پھوڑے پھنسیوں کی وجہ سے کم ازکم چوتھائی سر پر بھی استرہ نہیں پھیرا جاسکتا، تو آپ کے لئے حلق و تقصیر دونوں معاف ہیں، لہذا عمرے کے بقیہ احکام مکمل کرنے کے بعد احرام سے نکلنے کی نیت سے سلے کپڑے پہن سکتے ہیں اور دیگر امور بھی بجا لاسکتے ہیں۔ اور اگر کم ازکم چوتھائی سر کا حلق ہوسکتا ہے، تو اب چوتھائی سرکا حلق کروانا ضروری ہوگا اگرچہ بقیہ حصے پر پھوڑے پھنسیاں ہونے کی وجہ سے ان کا حلق نہ کروائیں۔

وَ اللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَ اٰلِہٖ وَ سَلَّم

مجیب: مولانا محمد نوید چشتی عطاری
فتویٰ نمبر: WAT-305
تاریخ اجراء: 02 جُمادَی الاُولٰی 1443ھ / 07 دسمبر 2021ء