حلق سے پہلے نئے احرام کی نیت کرنا
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
حلق کروانے سے پہلے نئے احرام کی نیت کرنا کیسا؟
دارالافتاء اہلسنت (دعوت اسلامی)
سوال
کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیانِ شرع متین اس مسئلے کے بارے میں کہ ایک شخص عمرے میں طواف و سعی کرنے کے بعد حلق کروانے سے پہلے ہی بیرونِ حرم جاکر دوبارہ نئے احرام کی نیت کرکے آگیا، اور پھر کسی نے بتایا کہ تمہیں تو پہلے حلق کروانا چاہئے تھا تو اس نے پہلے حلق کروادیا اور پھر اس دوسرے عمرے کے ارکان یعنی طواف، سعی کی اور آخر میں پھر حلق کروادیا تو اب ایسے شخص پر کتنے دم لازم ہوں گے؟
سائل:(کراچی)
جواب
صورتِ مسئولہ میں اس پر دو دَم لازم ہیں۔ ایک تو حلق سے پہلے احرامِ عمرہ باندھنے کا اور دوسرا دَم دوسرا احرام باندھنے کے بعد اس کے پورا ہونے سے پہلے ہی سَر کا حلق کروانے کی وجہ سے۔ نیز ایک احرام سے فارغ ہونے سے پہلے ہی دوسرے عمرے کا احرام شروع کرنے اور حالتِ احرام میں سَر منڈانے کی وجہ سے یہ شخص گنہگار بھی ہوا ہے اس سے توبہ بھی لازم ہے۔
وَ اللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَ اٰلِہٖ وَ سَلَّم
مجیب: مولانا محمد شفیق عطاری مدنی
مصدق: مفتی محمد قاسم عطاری
تاریخ اجراء: ماہنامہ فیضان مدینہ اگست 2017ء