بچے کو گود میں لیکر عمرہ کرنے سے کفارہ لازم ہوگا؟
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
بچے کو گود میں لے کر طواف کرنا
دار الافتاء اہلسنت (دعوت اسلامی)
سوال
ایک اسلامی بہن نے ویل چیئر پر عمرہ کیا، اس دوران اس نے اپنی گود میں پوتے کو بیٹھا لیا جوکہ ایک سال کا تھا اور اسے diper لگا ہوا تھا۔ کیا اس اسلامی بہن کا عمرہ ہو گیا، اس پر کوئی دم یا صدقہ وغیرہ تو لازم نہیں ہوا؟
جواب
صورتِ مسئولہ میں ڈائپر لگے بچے کو گود میں لینے کی وجہ سے کوئی کفارہ یعنی دم یا صدقہ وغیرہ لازم نہیں ہوا۔ اور اس صورت میں بالفرض اگر بچہ نے ڈائپر میں پیشاب وغیرہ کرلیا تھا تو بھی کوئی کفارہ لازم نہیں ہے کیونکہ ایسی صورت میں عورت، نجاست اٹھا کر طواف کرنے والی ہے تو یہ ایسے ہے جیسے نجس کپڑوں میں طواف کرنا اور فقہائے کرام نے نجس کپڑوں میں طواف کے متعلق فرمایا ہے کہ مکروہ ہے، کفارہ کوئی نہیں۔ بہار شریعت میں ہے نجس کپڑوں میں طواف مکروہ ہے، کفارہ نہیں۔ (بہار شریعت، حصہ 6، صفحہ 1177، مکتبۃ المدینہ )
نوٹ: یہ یاد رہے کہ! ایسے ناسجھ بچے کو اولا بلاوجہ مسجد میں نہ لے جایا جائے کہ حدیث مبارکہ میں ناسمجھ بچوں کو مسجد میں لانے کی ممانعت ہے اور اگر بچہ پیشاب وغیرہ کردے تو پھر فورا اسے مسجد سے باہر کردیا جائے۔
وَ اللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَ اٰلِہٖ وَ سَلَّم
مجیب: مولانا محمد انس رضا عطاری مدنی
فتویٰ نمبر: WAT-1659
تاریخ اجراء: 29 شوال المکرم 1444ھ / 20 مئی 2023ء