logo logo
AI Search

چائنہ گراس (China Grass) کھانا حلال ہے یا حرام؟ شرعی حکم

بسم اللہ الرحمن الرحیم

چائنہ گراس(China grass) حلال ہے یا حرام؟

دارالافتاء اہلسنت (دعوت اسلامی)

سوال

کیا چائنہ گراس(China grass) کھانا حلال ہے؟

جواب

جواب جاننے سے قبل تمہیداً یہ ذہن نشین رکھیں کہ جب تک کسی چیز کے بارے میں شرعی طریقے سے ثابت نہ ہو جائے کہ اس میں کوئی ناپاک یا حرام چیز ملی ہوئی ہے، تب تک اسے ناپاک وحرام قرار نہیں دیا جا سکتا، لہٰذا نجاست یا حرمت کا ثبوت ملنے تک اس کا استعمال بھی جائز ہو گا۔ البتہ اگر کوئی شبہہ والی خبر سن کر احتیاط کرے، تو بہتر ہے۔ اور اگر شرعی طریقہ کار سے ثابت ہو جائے کہ اس میں ناپاک یا حرام چیز ملی ہے، مثلاً بنانے والے خود اقرار کرتے ہوں یا گواہانِ شرعی سے ثابت ہو جائے، تو پھر اس کا استعمال ناجائزہو گا۔

ہماری معلومات کے مطابق چائنہ گراس ایک سمندری بوٹی سے بنایا جاتا ہے اور اسے کھانے کی اشیاء بالخصوص میٹھی ڈشز کے اندر استعمال کیا جاتا ہے۔

نباتات یعنی زمین سےاُگنےوالےپودوں،پھلوں اورجڑی بوٹیوں کے حوالے سے شرعی اصول یہ ہےکہ تمام نباتات حلال ہیں،جبکہ نقصان پہنچانےکےلئےاستعمال نہ کی جائیں۔ لہٰذا جب تک یقین کے ساتھ شرعی طریقے سے معلوم نہ ہوجائے کہ اس میں کوئی ناپاک یا حرام چیز شامل کی جاتی ہے، تب تک اسے ناپاک نہیں کہہ سکتے، استعمال کر سکتے ہیں ۔

وَ اللہُ اَعْلَمُ عَزَّ وَ جَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَ اٰلِہٖ وَ سَلَّم

مجیب: مولانا رضا محمد مدنی

فتویٰ نمبر: Web-2532

تاریخ اجرا: 21ربیع الآخر1447ھ/15 اکتوبر2025ء