logo logo
AI Search

حج کیلئے مکہ والے احرام کہاں سے باندھیں؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

مکہ میں رہنے والا حج کا احرام کہاں سے باندھے؟

دار الافتاء اہلسنت (دعوت اسلامی)

سوال

ہم مکہ پاک میں رہتے ہیں، تو حج کا احرام، ہم کہاں سے باندھیں گے؟

جواب

مکی یا جو مکی کے حکم میں ہے، اس کے لیے حج کی میقات حرم ہے، وہ حج کا احرام، پورے حرم میں جہاں سے چاہے باندھ سکتا ہے، ہاں اس کے لئے احرام باندھنے کی افضل جگہ مسجد الحرام ہے۔ ہدایہ میں ہے ”و الشرط أن يحرم من الحرم أما المسجد فليس بلازم و هذا لأنه في معنى المكي، و ميقات المكي في الحج الحرم على ما بينا“ ترجمہ: (آفاقی عمرہ کرلینے کے بعد جب مکہ میں مقیم ہو تو) حج کا احرام باندھنے میں شرط یہ ہے کہ حرم سے باندھے اور مسجد حرام سے باندھنا لازم نہیں، اور یہ حج کا احرام حرم سے اس لئے باندھے گا کہ یہ مکہ میں مقیم ہونے کی وجہ سے مکی کے معنی میں ہے، اور حج کے لئے مکی کی میقات حرم ہے، اس دلیل کی بناء پر جو ہم نے بیان کی۔

اس کے تحت بنایہ میں ہے ”أن الإحرام منه أفضل“ ترجمہ: مکی یا جو مکی کے معنی میں ہو اس کے لئے حج کا احرام مسجد الحرام سے باندھنا افضل ہے۔ (البنایۃ شرح الہدایۃ، کتاب الحج، ج 4، ص 304، دار الکتب العلمیۃ، بیروت)

وَ اللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَ اٰلِہٖ وَ سَلَّم

مجیب: ابو حفص مولانا محمد عرفان عطاری مدنی
فتویٰ نمبر: WAT-1668
تاریخ اجراء: 03 ذو القعدۃ الحرام 1444ھ / 23 مئی 2023ء