logo logo
AI Search

حالت احرام میں چہرے پر کتنی دیر کپڑا چپکا رہے تو دم لازم ہوگا؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

احرام کی حالت میں چہرے پر کپڑا چپکنے کے متعلق تفصیل

دار الافتاء اہلسنت (دعوت اسلامی)

سوال

حالتِ احرام میں چہرے پر کتنی دیر کپڑا چپکا رہے، تو دم یا صدقہ لگے گا؟

جواب

حالتِ احرام میں مرد یا عورت کا اگر مکمل چہرہ یا چہرے کا کم ازکم چوتھا حصہ کسی کپڑے سے چھپ جائے اور لگاتار اسی حالت میں چار پہر) یعنی 12 گھنٹے (گزر جائیں، تو دَم لازم ہوگا اور چار پہر) یعنی 12 گھنٹے (سے کم وقت گزرے، چاہے ایک سیکنڈ ہی کے لیے چھپے، تو صدقہ لازم ہوگا۔ اور اگر چوتھے حصے سے کم چھپے، تو چار پہر) یعنی 12 گھنٹے (تک مسلسل چھپے رہنے سے صدقہ لازم ہوگا اور اس سے کم وقت تک چھپنے سے کوئی کفارہ لازم نہیں ہوگا لیکن جان بوجھ کر ایسا کرنے سے گنہگار ضرور ہوگا اور توبہ لازم ہوگی۔

نوٹ: چار پہر سے مراد ایک دن یا ایک رات کی مقدار ہے مثلا سورج نکلنے سے لے کر ڈوبنے تک یا ڈوبنے سے لے کر نکلنے تک یا دوپہر سے آدھی رات تک یا آدھی رات سے دوپہر تک یعنی آسان لفظوں میں چار پہر کی مقدار 12 گھنٹے ہے۔

صدر الشریعہ مفتی محمد امجد علی اعظمی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں: مرد یا عورت نے مونھ کی ٹکلی ساری یا چہارم چھپائی یا مرد نے پورا یا چہارم سر چھپایا تو چار پہر یا زیادہ لگاتار چھپانے میں دَم ہے اور کم میں صدقہ اور چہارم سے کم کو چار پہر تک چھپایا تو صدقہ ہے اور چار پہر سے کم میں کفارہ نہیں مگر گناہ ہے۔ (بہار شریعت، ج 1، حصہ 6، ص 1169، مکتبۃ المدینہ، کراچی)

وَ اللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَ اٰلِہٖ وَ سَلَّم

مجیب: مولانا محمد شفیق عطاری مدنی
فتویٰ نمبر: WAT-1646
تاریخ اجراء: 25 شوال المکرم 1444ھ / 16 مئی 2023ء