نابالغ بچی کے سونے پر زکوٰۃ ہوگی یا نہیں؟
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
نابالغ بچی کا سونا جو صرف وہی پہن سکتی ہے اس پر زکوٰۃ کا حکم؟
دار الافتاء اہلسنت (دعوت اسلامی)
سوال
نابالغ بچی کا وہ سونا جو صرف وہی پہن سکتی ہے جیسے چھوٹی چوڑیاں، چھوٹی انگوٹھی، کیا اس پر زکوٰۃ ہوگی؟ نیز اگر یہ چوڑیاں یا انگوٹھی بڑے سائز کی ہوں، تو پھر زکوٰۃ کا کیا حکم ہوگا؟
جواب
سائز کے بڑے چھوٹے ہونے سے زکوٰۃ کے حکم پر فرق نہیں پڑتا، البتہ جو سونا نابالغہ بچی کی ملک ہے، اس پر زکوٰۃ فرض نہیں چاہے وہ چھوٹے سائز کا ہو یا بڑے سائز کا، اور جو سونا بچی کی ملک نہیں مثلاً والدہ نے اپنی سونے کی کوئی چیز اسے شادی پر دینے کی نیت سے رکھی ہوئی ہے لیکن ابھی تک اس کی ملکیت میں دی نہیں ہے تو ایسا بڑا یا چھوٹا سونا والدہ کا ہی کہلائے گا اور شرائط پائی جانے کی صورت میں والدہ پر اس کی زکوٰۃ لازم ہوگی۔
وَ اللہُ اَعْلَمُ عَزَّ وَ جَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَ اٰلِہٖ وَ سَلَّم
مجیب: مولانا سید مسعود علی عطاری مدنی
فتویٰ نمبر:Web-2497
تاریخ اجراء: 10 ربیع الآخر 1447ھ / 04 اکتوبر 2025ء