گھر میں لگی سبزیوں پر عشر ہوگا؟
بسم اللہ الرحمن الرحیم
گھر کی کیاری میں لگے دھنیا، ٹماٹر وغیرہ پر عشر لازم ہے یا نہیں؟
دار الافتاء اہلسنت (دعوت اسلامی)
سوال
گھر میں کیاریوں میں لگی ہوئی چیزیں دھنیا، بینگن، ٹماٹر وغیرہ پر بھی عشر ہوگا؟
جواب
گھر میں اُگائی گئی مذکورہ سبزیوں پر عشر واجب نہیں۔
در مختار میں ہے: ”ولا شیء فی عين دار“ ترجمہ: اور گھر کے اندر اگائی جانے والی چیزوں میں کچھ واجب نہیں ۔
اس کے تحت رد المحتار میں ہے: ”لأن عمر رضي اللہ تعالى عنه جعل المساكن عفوا وعليه إجماع الصحابة ولأنها لا تستمنى ووجوب الخراج باعتباره“ ترجمہ: کیونکہ حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے گھر کی پیداوار کو معاف قرار دیا اور اسی پر صحابہ کرام علیہم الرضوان کا اجماع ہے نیز یہ بھی وجہ ہے کہ اس سے زمین کا نفع حاصل کرنا مقصود نہیں ہوتا اور عشر و خراج کا تعلق اسی سے ہے۔ (در مختار مع رد المحتار، کتاب الزکاۃ، باب العشر، جلد 3، صفحہ 320، مطبوعہ: کوئٹہ)
بہار شریعت میں ہے: ”مکان یا مقبرہ میں جو پیداوار ہو، اُس میں نہ عشر ہے نہ خراج۔“ (بہار شریعت، جلد 1، صفحہ 919، مکتبۃ المدینہ، کراچی)
وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّ وَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم
مجیب: مولانا سید مسعود علی عطاری مدنی
فتوی نمبر: Web-2470
تاریخ اجراء:29 محرم الحرام 1447ھ/25 جولائی 2025ء