1 Crore Darood Pak Parhne Ki Mannat Mangna

ایک کروڑ درود پاک پڑھنے کی منت مانی اور مکمل کرنے سے پہلے وفات ہوگئی،تو کیا حکم ہے

مجیب:  ابو مصطفی محمد کفیل رضا مدنی

فتوی نمبر:Web-364

تاریخ اجراء:       23ذو الحجۃالحرام1443 ھ  /23 جولائی2022 ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   ایک شخص نےکسی کام کے ہونے پرایک کروڑ بار درود پاک پڑھنے کی  منت مانی ، وہ کام ہوگیا اور اس نے درود پاک پڑھنا شروع کردیا ، اگر ایک کروڑ درود پاک پڑھنے سے پہلے اس شخص کا انتقال ہوجاتا ہے ،تو کیا اس صورت میں وہ گناہ گار ہوگا؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   درود شریف پڑھنے کی منت ،منت ِ شرعی ہے لہذا اگر کسی نے ایک  کروڑ درود پڑھنے کی منت مانی اور اس کی منت پوری بھی ہوگئی، تو اس کو ایک کروڑ درود پڑھنا ہوں گے اور اگر پڑھنے سے پہلے وفات ہوگئی اور اس نے پڑھنے میں کوتاہی نہیں کی، تو اس پر گناہ نہیں ۔

   درمختار میں ہے :’’ولو نذر ان یصلی علی النبی صلی اللہ تعالی علیہ وسلم  کل یوم کذا لزمہ ‘‘ یعنی اگر کسی نے نذر مانی کہ وہ نبی  کریم صلی اللہ  تعالیٰ علیہ  وسلم پر ہرروز اتنے درود پڑھے گا تویہ اس پر لازم ہے ۔(ردالمحتار  علی درمختار،جلد:5،صفحہ:542،مطبوعہ بیروت)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم