کیا احرام کی چادر کھولنے سے دم واجب ہو جاتا ہے؟
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
کیا استنجاء کے لیے احرام اتارنے سے دم واجب ہوگا؟
دارالافتاء اہلسنت (دعوت اسلامی)
سوال
اگر حالت احرام میں استنجاء کرنے کی حاجت ہو تو اوپر والی چادر اتار کر استنجا کرسکتے ہیں، اس سے کوئی دم وغیرہ تو واجب نہیں ہوگا؟
جواب
احرام کی حالت میں استنجاء وغیرہ کرنے کے لیے یا ویسے ہی احرام کی چادر اتارنے سے دم یا کسی بھی قسم کا کفارہ لازم نہیں ہوتا، بلکہ اصل یہ ہے کہ احرام کی حالت میں سلا ہوا کپڑا نہیں پہن سکتے، لیکن حالت احرام میں ہروقت دونوں چادریں جسم پر لپیٹ کر رکھنا ضروری نہیں ہے۔ کسی ضرورت کے تحت یا بغیر ضرورت چادر اتاری تو اس سے احرام یا عمرے پر کوئی فرق نہیں آئے گا۔ بعض لوگوں میں یہ مشہور ہے کہ احرام کی چادر اتر جائے یا تبدیل کر دی جائے تو عمرہ نہیں ہوتا یا کفارہ وغیرہ لازم آتا ہے، اس کی شریعت میں کوئی اصل نہیں۔
وَ اللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَ اٰلِہٖ وَ سَلَّم
مجیب: مولانا محمد نوید چشتی عطاری مدنی
فتویٰ نمبر: WAT-1110
تاریخ اجراء: 27 صفر المظفر 1444ھ / 24 ستمبر 2022ء