کیا معنی سمجھے بغیر قرآن پاک سننا بھی عبادت ہے؟
بسم اللہ الرحمن الرحیم
قرآن سننا بھی عبادت ہے؟
دارالافتاء اہلسنت (دعوت اسلامی)
سوال
کیا قرآن پاک کا سننا بھی عبادت ہے اگرچہ اس کا مطلب سمجھ نہ آتا ہو؟
جواب
قرآن مجید سننا بھی عبادت ہے اگرچہ اس کے معنی سمجھ نہ آتے ہوں۔ البتہ معنی سمجھنے کی بھی کوشش کرنی چاہئے اور اس کے لئے قرآن پاک ترجمہ وتفسیر کے ساتھ پڑھنا چاہئے کہ قرآن پاک کا حق یہ ہے اس کو سمجھ کر پڑھا جائے جیساکہ حضرت ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نے ارشاد فرمایا: ’’اعطوا أعينكم حظها من العبادة قيل : يا رسول اللہ و ما حظها من العبادة قال: النظر في المصحف و التفكر فيه و الاعتبار عند عجائبه‘‘ یعنی اپنی آنکھوں کو ان کی عبادت کا حصہ دو۔عرض کیا گیا:یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم! آنکھ کی عبادت کا حصہ کیا ہے؟ فرمایا:قرآن پاک کی زیارت کرنا،اس میں غوروفکر کرنا اور اس کےعجائبات پر غورکرنا۔ (شعب الایمان للبیھقی،ج2،ص348،مطبوعہ دارالکتب العلمیہ، بیروت)
قرآن پاک ترجمہ وتفسیر کے ساتھ پڑھنے کے لئے تفسیر صراط الجنان کا مطالعہ کریں۔
وَ اللہُ اَعْلَمُ عَزَّ وَ جَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَ اٰلِہٖ وَ سَلَّم
مجیب: مولانا رضا محمد مدنی
فتویٰ نمبر: Web-2533
تاریخ اجرا: 22ربیع الآخر1447ھ/16 اکتوبر2025ء