logo logo
AI Search

حج کر لینے کے بعد حج فرض ہوا تو کیا دوبارہ حج کرنا ہوگا؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

ڈرائیور کی حالت میں حج کیا ہو تو اب مالدار ہونے کے بعد فرض حج کا حکم

دار الافتاء اہلسنت (دعوت اسلامی)

سوال

میرے والد مرحوم اور والدہ نے حج کیا ہوا ہے، لیکن جب انہوں نے حج کیا تھا اس وقت ان پر حج فرض نہیں تھا، میرے والد قافلہ کے ساتھ بطورِ ڈرائیور حج پر گئے تھے اور والدہ ان کے ساتھ تھیں۔ اب میری والدہ کے پاس اتنی رقم موجود ہے جس سے حج فرض ہوجاتا ہے، تو کیا اس صورت میں میری والدہ پر دوبارہ حج کرنا فرض ہوگا؟

جواب

آپ کی والدہ نے اگر اس وقت فرض حج کی نیت کی تھی یا صرف حج کی نیت کی تھی، نفل یا فرض کچھ معین نہیں کیا تھا تو ان کا وہی حج فرض حج کی جگہ ہوگیا اور اب دوبارہ حج کرنا فرض نہیں ہوگا۔ اور اگر اس حج میں نفلی حج کی نیت کی تھی تو اب صاحب نصاب ہونے کی صورت میں دوبارہ حج کرنا فرض ہوگا جبکہ حج کی ادائیگی واجب ہونے کی دیگر شرائط بھی پائی جائیں۔

صدر الشریعہ مفتی امجد علی اعظمی رحمۃ اللہ علیہ ارشاد فرماتے ہیں: اگر فقیر ہو جب بھی اسے حجِ فرض کی نیت کرنی چاہئے، نفل کی نیت کرے گا، تو اس پر دوبارہ حج کرنا فرض ہوگا اور مطلق حج کی نیت کی یعنی فرض یا نفل کچھ معین نہ کیا، تو فرض ادا ہوگیا۔ (بہارِ شریعت، جلد 1، حصہ 6، صفحہ 1041، مکتبۃ المدینہ، کراچی)

وَ اللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَ اٰلِہٖ وَ سَلَّم

مجیب: مولانا جمیل احمد غوری عطاری مدنی
فتویٰ نمبر: Web-934
تاریخ اجراء: 05 ذو القعدۃ الحرام 1444ھ / 25 مئی 2023ء