احرام کی حالت میں ٹوپی پہننے سے دم لازم ہوگا؟
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
بھول کرٹوپی پہنے ہوئے احرام کی نیت کرنا
دار الافتاء اہلسنت (دعوت اسلامی)
سوال
ایک شخص نےاحرام کی چادریں پہننے کے بعد دو رکعت نفل ادا کیے اور پھر بھولے سے ٹوپی اتارے بغیر ہی احرام کی نیت کرلی اور تین بار تلبیہ پڑھا، تیسری بار تلبیہ پڑھتے ہوئے اسے یاد آگیا تو اس نے فورا ٹوپی اتار دی۔ اس پر دم یا صدقہ کیا حکم شرعی ہوگا؟
جواب
پوچھی گئی صورت میں ظاہر یہ ہے کہ حالت احرام میں ٹوپی پہننے سےاس شخص کا چوتھائی سے زیادہ سر چھپ گیا تھا اور اس نے چار پہر یعنی بارہ گھنٹے سے کم وقت تک ٹوپی پہنے رکھی۔ اگر یہی صورت ہے تو اس شخص پر ایک صدقہ فطر لازم ہوگا۔
بہار شریعت میں ہے: مرد یا عورت نے مونھ کی ٹکلی ساری یا چہارم چھپائی یا مرد نے پورا یا چہارم سر چھپایا تو چار پہر یا زیادہ لگاتار چھپانے میں دَم ہے اور کم میں صدقہ اور چہارم سے کم کو چار پہر تک چھپایا تو صدقہ ہے اور چار پہر سے کم میں کفارہ نہیں مگر گناہ ہے۔ (بہار شریعت، جلد 01، صفحہ 1169، مطبوعہ کراچی)
وَ اللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَ اٰلِہٖ وَ سَلَّم
مجیب: مولانا محمد نوید چشتی عطاری مدنی
فتویٰ نمبر: WAT-1554
تاریخ اجراء: 15 رمضان المبارک 1444ھ / 06 اپریل 2023ء