قرآن و حدیث سے نماز کیلئے وضو کا ثبوت
بسم اللہ الرحمن الرحيم
کیا نماز کے لیے وضو قرآن و حدیث سے ثابت ہے؟
دار الافتاء اہلسنت (دعوت اسلامی)
سوال
جواب
نماز کے لیے وضو کرنے کا حکم قرآن کریم میں واضح طور پر موجود ہے نیز کثیر احادیث طیبہ میں بھی اس کا حکم، ترغیب، ترہیب، فضائل موجود ہیں، ذیل میں اسی تعلق سے چند دلائل ملاحظہ فرمائیں:
نماز کے لیےوضو کر نے کا حکم قرآن کریم میں موجود ہے چنانچہ پارہ 6 سُورةُ المائدہ کی آیت نمبر 6 میں ہے: (یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْۤا اِذَا قُمْتُمْ اِلَى الصَّلٰوةِ فَاغْسِلُوْا وُجُوْهَكُمْ وَ اَیْدِیَكُمْ اِلَى الْمَرَافِقِ وَ امْسَحُوْا بِرُءُوْسِكُمْ وَ اَرْجُلَكُمْ اِلَى الْكَعْبَیْنِ) ترجَمۂ کنز الایمان: ”اے ایمان والو !جب نماز کو کھڑے ہونا چاہو تو اپنا منہ دھوؤ اور کہنیوں تک ہاتھ اور سروں کا مسح کرو اور گٹوں تک پاؤں دھوؤ۔“ (پ6، المائدة: 6)
صحیح بخاری شریف میں حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم نے فرمایا: «لا تقبل صلاة من أحدث حتى يتوضأ» یعنی جس کا وضو ٹوٹ گیا ہو اس کی نماز قبول نہیں ہو گی یہاں تک کہ وضو کرلے۔ (صحيح البخاري (1 / 39)
صحیح مسلم شریف میں حضرت عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے مروی ہے کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ و سلم نے فرمایا: «لا تقبل صلاة بغير طهور و لا صدقة من غلول» یعنی بغیر طہارت کے نماز قبول نہیں ہو گی اور خیانت کے مال سے صدقہ قبول نہیں ہوگا۔ (صحيح مسلم (1 / 204)
نماز کے لیے وضو کا انکار کفر ہے چنانچہ موسوعہ فقہیہ کویتیہ میں ہے: نص الفقهاء على أن من أنكر وجوب الوضوء للصلاة يكفر، لإنكاره النص القطعي، و هو آية: {ياايها الذين آمنوا اذا قمتم الى الصلاة فاغسلوا وجوهكم و ايديكم إلى المرافق} و لإنكاره الإجماع. یعنی فقہائے کرام نے واضح بیان فرمایا ہے کہ جو شخص نماز کے لیے وضو کے وجوب کا منکر ہو اس کی تکفیر کی جائے گی کیونکہ وہ نص قطعی کا انکار کر رہا ہے۔ وہ نص قطعی یہ آیت مبارکہ ہے: ﴿یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْۤا اِذَا قُمْتُمْ اِلَى الصَّلٰوةِ فَاغْسِلُوْا وُجُوْهَكُمْ وَ اَیْدِیَكُمْ اِلَى الْمَرَافِقِ﴾ نیز یہ اجماع کا بھی انکار ہے۔ (الموسوعة الفقهية الكويتية (43 / 319)
وَ اللہُ اَعْلَمُ عَزَّ وَ جَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَ اٰلِہٖ وَ سَلَّم
مجیب: مولانا عابد عطاری مدنی
فتوی نمبر: FatwaQA-023
تاریخ اجراء: 19 ربیع الاول 1448ھ / 01 اگست 2026ء