مسلمان کو شیطان کہنے کا حکم
بسم اللہ الرحمن الرحیم
کسی کو شیطان کہنے کا حکم
دار الافتاء اہلسنت (دعوت اسلامی)
سوال
ایک آدمی نے بلاوجہ شرعی اپنی بیوی کو شیطان کہاہے، جس سے بیوی کی بہت دل آزاری ہوئی ہے، تو کیا اس کا ایسا کہنا جائز ہے؟
جواب
بلا وجہ شرعی کسی مسلمان کو شیطان کہنا جائز نہیں، کہ اس میں مسلمان کی دل آزاری ہے، اور مسلمان کی دل آزاری کرنے پر حدیث پاک میں سخت وعید بیان کی گئی ہے، اور اس طرح کہنے میں اسے برے القاب سے پکارنا ہے، جبکہ قرآن کریم میں برے القاب دینے کو منع فرمایا ہے، لہذا شوہر کو چاہیے کہ اس سے توبہ کرے، بیوی سے معافی بھی مانگے، اور آئندہ بلاوجہ شرعی یوں کہنے سے اجتناب کرے۔
قرآن کریم میں ارشاد خداوندی ہے: ﴿وَ لَا تَنَابَزُوْا بِالْاَلْقَابِ﴾ ترجمہ کنز العرفان: اور ایک دوسرے کے برے نام نہ رکھو۔ (پارہ 26، سورۃ الحجرات، آیت 11)
اس کے تحت علامہ ابن رسلان رحمۃ اللہ علیہ لکھتے ہیں: ” ﴿وَلَا تَنَابَزُوا بِالْأَلْقَابِ﴾ أي: لا يدعو أحدهم أخاه بما يكرهه من الألقاب ولا يحدد له لقبًا ينقصه ويعيبه“ ترجمہ: یعنی کوئی اپنے بھائی کو ایسے لقب سے نہ پکارے جو اسے برا لگے، اور نہ ہی اسے ایسا لقب دے، جو اس کی تنقیص کرے اور اس میں عیب نکالے۔ (شرح سنن ابی داؤد، جلد 19، صفحہ 78، مطبوعہ: مصر)
الفردوس بماثور الخطاب میں ہے ”من آذَى مُسلما بِغَيْر حق فَكَأَنَّمَا هدم بَيت اللہ الْحَرَام عشر مَرَّات وَهدم بَيت الْمَعْمُور فِي السَّمَاء عشر مَرَّات وَكَمن قتل ألف ملك من مقربي الْمَلَائِكَة“ ترجمہ: جس نے کسی مسلمان کو بغیر وجہ شرعی کے اذیت دی تو گویا اس نے اللہ کے حرمت والے گھر کو دس مرتبہ گرایا اور آسمان میں موجود بیت المعمور کو دس مرتبہ گرایا، نیز گو یا اس نے مقرب ملائکہ میں سے ہزار فرشتوں کو قتل کیا۔ (الفردوس بماثور الخطاب، جلد 3، صفحہ 618، دار الكتب العلمية، بيروت)
امام اہلسنت، امام احمد رضا خان علیہ الرحمۃ لکھتے ہیں: ”گمراہ بددین کو شیطان کہا جا سکتا ہے اور اسے بھی جو لوگوں میں فتنہ پردازی کرے، ادھر کی ادھر لگا کر فساد ڈلوائے، جو کسی کو گناہ کی ترغیب دے کر لے جائے وہ اس کا شیطان ہے، اور مومن صالح کو شیطان کہنا شیطان کا کام ہے۔ “ (فتاویٰ رضویہ جلد 13، صفحہ 656، رضا فاؤنڈیشن، لاہور)
وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّ وَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم
مجیب: مولانا محمد ابو بکر عطاری مدنی
فتوی نمبر: WAT-5226
تاریخ اجراء: 27 محرم الحرام 1448ھ/13 جولائی 2026ء