logo logo
AI Search

حضرت ابراہیم علیہ السلام کو کس عمر میں اولاد ملی؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

حضرت ابراہیم علیہ الصلوۃ و السلام کو کس عمر میں اولاد عطا ہوئی؟

دار الافتاء اہلسنت (دعوت اسلامی)

سوال

سوال ہے کہ حضرت ابراہیم علی نبینا و علیہ الصلوۃ و السلام کو اللہ تعالی نے کتنی عمر میں اولاد عطا فرمائی؟

جواب

اللہ پاک نے جب حضرت ابراہیم علی نبینا وعلیہ الصلوۃ و السلام کو پہلا صاحبزادہ عطا فرمایا، تو اس وقت آپ علیہ الصلوۃ و السلام کی عمر مبارک 99 سال تھی، اور جب دوسرا صاحبزادہ عطا فرمایا، تو اس وقت آپ علیہ الصلوۃ والسلام کی عمر مبارک 112سال تھی۔

تفسیر جلالین میں ہے "{الحمد للہ الذي وهب لي} أعطاني {على} مع {الكبر إسماعيل} ولد وله تسع وتسعون سنة {وإسحاق} ولد وله مائة واثنتا عشرة سنة" یعنی تمام تعریفیں اللہ کے لیے ہیں جس نے مجھے بڑھاپے میں اسماعیل اور اسحاق عطا فرمائے۔ حضرت اسماعیل علیہ الصلوۃ والسلام اس وقت پیدا ہوئے، جب حضرت ابہیم علیہ الصلوۃ و السلام کی عمر 99 سال تھی، اور حضرت اسحاق علیہ الصلوۃ و السلام اس وقت پیدا ہوئے جب آپ علیہ الراصلوۃ والسلام کی عمر 112 سال تھی۔ (تفسیر جلالین مع حاشیۃ الصاوی، جلد 3، صفحہ 1028، مطبوعہ: لاہور)

تفسیر خازن میں ہے "قال ابن عباس: ولد إسماعيل لإبراهيم وهو ابن تسع وتسعين سنة وولد له إسحاق وهو ابن مائة واثنتي عشرة سنة" ترجمہ: حضرت ابنِ عباس رضی اللہ عنہما نے فرمایا: حضرت ابراہیم علی نبینا وعلیہ الصلوۃ والسلام کے ہاں، حضرت اسماعیل علی نبینا و علیہ الصلوۃ و السلام، کی یپدائش اس وقت ہوئی، جب ان کی عمر ننانوے (99) سال تھی، اور حضرت اسحاق علی نبینا و علیہ الصلوۃ و السلام کی پیدائش اس وقت ہوئی، جب ان کی عمر ایک سو بارہ (112) سال تھی۔ (تفسیر خازن، جلد ، صفحہ 3، صفحہ 42، دارالکتب العلمیۃ، بیروت)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّ وَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم

مجیب: مفتی محمد حسان عطاری مدنی
فتویٰ نمبر: WAT-5071
تاریخ اجراء:18 ذو الحجۃ الحرام 1447ھ / 04 جون 2026ء