Kya Beti Apni Maa Ko Zakat De Sakti Hai ?

کیا بیٹی اپنی ماں کو زکوۃ دے سکتی ہے ؟

مجیب: مولانا محمد نوید چشتی عطاری

فتوی نمبر: WAT-2664

تاریخ اجراء: 15شوال المکرم1445 ھ/24اپریل2024  ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   کیا بیٹی اپنی ماں کو زکوۃ دے سکتی ہے ؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   بیٹی اپنی ماں کو زکوۃ نہیں دےسکتی اوراگر دے گی، تو اس کی زکوۃ ادا نہیں ہو گی ، اس لیے کہ چند ایسے رشتہ دار ہیں کہ انہیں زکوۃ نہیں دے سکتے ۔ اس کی تفصیل یہ ہے کہ اصول(ماں باپ، دادا دادی، نانا نانی اوپر تک آباء و اجداد) اور فروع(بیٹے بیٹیاں، پوتے پوتیاں، نواسے نواسیاں  نیچے تک اولاد) میں سے کسی کو بھی زکوۃ نہیں دے سکتے ،اسی طرح  شوہر بیوی کو اور بیوی اپنے شوہر کو زکوۃ نہیں دے سکتی اور اگر کوئی ان میں سے کسی کو اپنی زکوۃ دے، تو اس کی زکوۃ ادا نہیں ہو گی، ان کے علاوہ بھائی ، بہن، بھانجے ، بھتیجے، ساس سسر، بہو داماد وغیرہ   سب رشتہ داروں کو زکوٰۃ و غیرہ صدقات واجبہ  دے سکتے ہیں، جبکہ وہ مستحق (شرعی فقیر غیر ہاشمی) ہوں۔

   نوٹ:شرعی فقیر سے مراد وہ شخص ہے، جس کے پاس سونا چاندی، روپیہ پیسہ، مالِ تجارت، حاجتِ اصلیہ سے زائد سامان یا یہ سب مل کر اتنے نہ ہوں، جن کی مالیت ساڑھے باون تولے چاندی کے برابر ہو یا پھر مذکورہ چیزیں اتنی مالیت کی موجود تو ہیں، لیکن قرض کی ادائیگی کے بعد ساڑھے باون تولے چاندی کی مالیت سے کم مال بچے گا، تو ایسا شخص شرعی فقیر کہلاتا ہے۔ نیز یہ بھی یاد رہے! عباسی، اعوان اور علوی کا شمار بھی بنو ہاشم میں سے ہوتا ہے، لہذا جس طرح سادات کو زکوۃ نہیں دے سکتے ، انہیں بھی نہیں دے سکتے۔

   فتاوی ہندیہ میں ہے” ولا يدفع إلى أصله، وإن علا، وفرعه، وإن سفل كذا في الكافي“ترجمہ:اپنی اصل اگرچہ کتنی ہی اوپر ہو اور اپنی فرع اگرچہ کتنی ہی نیچی ہو،انہیں زکوٰۃ نہیں دے سکتا،جیسا کہ کافی میں ہے۔(فتاوی ھندیۃ ،ج 1،ص 188،دار الفکر،بیروت)

   بہار شریعت میں ہے” اپنی اصل یعنی ماں باپ، دادا دادی، نانا نانی وغیرہم جن کی اولاد میں یہ ہے  اور اپنی اولاد بیٹا بیٹی، پوتا پوتی، نواسا نواسی وغیرہم کو زکاۃ نہیں دے سکتا۔ (بہار شریعت،ج 1،حصہ 5،ص 927،مکتبۃ المدینہ)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم