Faqeer Ko Paise Dene Ke Baad Zakat Ki Niyat Karna

فقیر کو پیسے دینے کے بعد زکوۃ کی نیت کرنا

مجیب: مولانا محمد انس رضا عطاری مدنی

فتوی نمبر:WAT-2568

تاریخ اجراء: 05رمضان المبارک1445 ھ/16مارچ2024  ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   اگر کوئی عورت کچھ  عرصہ پہلے ہی فقراء کو پیسے دے چکی ہو تو کیا اب وہ ان پیسوں میں زکوۃ  کی نیت کر سکتی ہے جبکہ وہ پیسے ان لوگوں نے ابھی تک استعمال نہیں کئے اور ان لوگوں  کو زکاۃ بھی لگتی ہے ؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   صورت ِ مسئولہ میں اگر رقم ابھی  زکوۃ کے مستحق افرادکے پاس   موجود ہے،(یعنی جن کودی تھی وہ شرعی فقیرتھے اورسیدیاہاشمی نہیں تھے اوررقم ابھی ان کے پاس ہی موجودہے) تو اس میں زکو ۃ کی  نیت کی جاسکتی ہے ۔

   فتاوی ہندیہ میں ہے” وإذا دفع إلى الفقير بلا نية ثم نواه عن الزكاة فإن كان المال قائما في يد الفقير أجزأه، وإلا فلا كذا في معراج الدراية“ترجمہ:فقیر کو بغیر نیت زکوٰۃ دے دی ،پھر دینے کے بعد زکوٰۃ کی نیت کی تو اگر مال فقیر کے پاس موجود ہو تو یہ نیت کفایت کر جائے گی اور اگر مال فقیر کے پاس موجود نہ رہا تو نیت کفایت نہیں کرے گی،جیسا کہ معراج الدرایہ میں ہے۔(فتاوی ھندیۃ،کتاب الزکاۃ،ج 1،ص 171،دار الفکر،بیروت)

    بہار شریعت میں ہے”(زکوٰۃ)دیتے وقت نیّت نہیں کی تھی، بعد کو کی تو اگر وہ مال فقیر کے پاس موجود ہے یعنی اسکی ملک میں ہے تو یہ نیّت کافی ہے ورنہ نہیں۔(بہار شریعت،ج 1،حصہ 5،ص 886،مکتبۃ المدینہ)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم