Mayyat ke Sath Dafan Mal Ko Nikalne ke Liye Qabar Khodna

میت کا اپنا مال میت کے ساتھ دفن ہو جائے تو اسے نکالنے کے لئے قبر کھود نا

مجیب:مولانا ذاکر حسین عطاری مدنی

فتوی نمبر:WAT-3106

تاریخ اجراء:10ربیع الاوّل1446ھ/13ستمبر2024ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   اگر میت کا اپنا ہی موبائل کفن میں رہ جائے تو اسے نکالنے کے لیے قبر کھولنے کا کیا حکم ہے ؟مختلف حادثات میں فوج کی طرف سے فوت شدگان کو جو غسل اور کفن دیا جاتا ہے، تو میت کا چھوٹا موٹا سامان جیسے پرس موبائل وغیرہ تابوت میں رکھ دیا جاتا ہے تو بعض اوقات ورثاء کو بتانا بھول جاتے ہیں جس کی وجہ سے میت کے ساتھ ہی دفن ہو جاتا ہے اس کو نکالنے کا کیا حکم ہے؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

    ہر شخص کے انتقال کے بعد اس  کے مال کے مالک اس کے ورثاء ہوجاتے ہیں ، تو اگر میت کے ساتھ ورثاء کا مال بھی قبر میں دفن ہوجائے تو ان ورثاء  کےلئے مال کو قبر سے نکالنے کے لئے، قبر کھولنے کی اجازت ہے ۔

    در مختار میں ہے” (ولا يخرج منه) بعد إهالة التراب (إلا) لحق آدمي ك (أن تكون الأرض مغصوبة ۔۔ الخ “ ترجمہ:میت پر مٹی ڈالنے کے بعد اسے قبر سے نہیں نکالا جائے گا ،مگر اس کے ساتھ کسی آدمی کا حق متعلق ہو مثلاً غصب شدہ زمین میں دفن کردیا گیا تو نکال سکتے ہیں۔

                                                                                          اس کے تحت رد المحتار میں ہے” وكما إذا سقط في القبر متاع۔۔۔ أو دفن معه مال قالوا: ولو كان المال درهما بحر. قال الرملي: واستفيد منه جواب حادثة الفتوى: امرأة دفنت مع بنتها من المصاغ والأمتعة المشتركة إرثا عنها بغيبة الزوج أنه ينبش لحقه“ ترجمہ:یونہی قبر میں سامان گر جائے یا میت کے ساتھ مال دفن ہو جائے ،علماء نے فرمایا اگرچہ ایک درہم ہی ہو،پھر بھی میت کو نکال سکتے ہیں،اس مسئلہ سے پیش آنے والے فتوی کا جواب بھی مل  گیا کہ :کسی عورت نےاپنی بیٹی کے ساتھ زیور اور اس کی طرف سے بطورِ وراثت بننے والے مشترکہ سامان کو،شوہر کی غیر موجودگی میں دفن کردیا تو شوہر اپنے حق کے لئے اس کی قبر کھود سکتا ہے۔(رد المحتار علی الدر المختار،ج 2،ص 237،238،دار الفکر،بیروت)

    بہار شریعت میں ہے"عورت کو کسی وارث نے زیور سمیت دفن کر دیا اور بعض ورثہ موجود نہ تھے ان ورثہ کو قبر کھودنے کی اجازت ہے، کسی کا کچھ مال قبر میں گرگیا مٹی دینے کے بعد یاد آیا تو قبر کھود کر نکال سکتے ہیں اگرچہ وہ ایک ہی درہم ہو ۔"(بہارِ شریعت، ج 01، حصہ 4،ص 847، مکتبۃ المدینہ)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم