Masjid Ke Generator Se Mohalle Ke Gharon Mein Dena Kaisa ?

مسجد کے جنریٹر سے محلے کے گھروں میں لائٹ دینا

مجیب:مولانا محمد سجاد عطاری مدنی

فتوی نمبر:WAT-2897

تاریخ اجراء: 15محرم الحرام1446 ھ/22جولائی2024  ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   میرا سوال یہ ہے کہ    کیا مسجد کے جنریٹر کی لائٹ، باہر محلے کے گھروں میں دے کر ان سے ماہانہ اخراجات لے کر مسجد کی آمدنی کم ہونے کی بناء پر مسجد میں وہ پیسے استعمال کرسکتے ہیں، کیا یہ جائز ہے؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   اگر وہ جنریٹر مسجد پر مسجد کے استعمال کےلئے وقف ہے تو اسے کرایہ پر لینا ،دینا یا اس کی بجلی کسی کو کرایہ پر دینا حرام ہے،کیونکہ جو چیز جس غرض کےلئے وقف کی گئی، دوسری غرض کی طرف اسے پھیرنا، ناجائزہے۔ہاں البتہ اگرمسجد کا وہ جنریٹر کرایہ پر دینے کے لئے وقف ہو کہ اسے یا اس کا پاور کرایہ پر سپلائی کیا جائے تو کرایہ لے کر خود جنریٹر کرایہ پر دینایا اس کی بجلی گھروں  میں پہنچاناجائز ہوگا۔

   مسجد کی چیزیں کرایہ پر دینے کے متعلق فتاوی رضویہ میں سیدی اعلی حضرت رحمۃ اللہ علیہ ارشاد فرماتے ہیں :” باقی چیزیں مثلاً لیمپ، فرش ، دری، چٹائی، اور یونہی بتی بھی، اگر اس سے مرادخالی شمعدان ہواگرچہ اپنی ذات میں قابل اجارہ ہیں، مملوک ہوں تو مالک اجارہ پر دے سکتا ہے ، کرایہ پر دینے کے لئے وقف ہوں تو متولی دے سکتا ہے مگر وہ جو مسجد پر اس کے استعمال میں آنے کےلئے وقف ہیں انہیں کرایہ پر دینا لینا حرام کہ جو چیز جس غرض کےلئے وقف کی گئی دوسری غرض کی طرف اسے پھیرنا ناجائزہے اگرچہ وہ غرض بھی وقف ہی کے لئے فائدہ کی ہو کہ شرط واقف مثل نص شارع صلی اﷲ تعالٰی علیہ وسلم واجب الاتباع ہے۔ “(فتاوی رضویہ،ج 16،ص 451،452،رضا فاؤنڈیشن ،لاہور)

   مدرسے کا جنریٹرمسجد میں استعمال کرنے کے متعلق فتاوی فقیہ ملت میں ہے :” اگر وہ جنریٹر مدرسہ کے لئے وقف ہے تو اس کی روشنی مسجد میں پہنچانا جائز نہیں ۔ اور اس سے اذان دینا بھی جائز نہیں کہ یہ وقف میں بیجا تصرف ہے جو حرام ہے۔ اور اگر وہ اس لئے وقف ہو کہ مدرسہ میں کام آئے اور اسے یا اس کا پاور کرایہ پر سپلائی کیا جائے تو کرایہ لے کر اس کی روشنی مسجد میں پہنچانا اور اس سے اذان دینا دونوں جائز ہے۔ (فتاوی فقیہ ملت،ج 02،ص167،شبیر برادز ،لاہور)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم