Kisi Ki Jagah Par Baghair Ijazat Masjid Banane Ka Hukum ?

کسی کی جگہ پر بغیر اجازت مسجد بنانے کا حکم؟

مجیب:مولانا محمدانس رضا صاحب زید مجدہ

مصدق:مفتی ھاشم صاحب مدظلہ العالی

فتوی نمبر:Lar:6088

تاریخ اجراء:01ربیع الاول 1438ھ/01دسمبر2016ء

دَارُالاِفْتَاء اَہْلسُنَّت

(دعوت اسلامی)

سوال

     کیافرماتے ہیں علمائےدین و مفتیان شرع متین اس بارے میں کہ زید کا دو مرلے گھرتھا اس کے پیچھے  بکر کا چار مرلے کا پلاٹ تھا ۔بکراپنی جگہ پر مسجد بنانا چاہتاتھااورزید کا مکان جو متصل ہے اس کو مسجد میں شامل کرنا چاہتا تھا۔ زید اپنا مکان بیچنا ہی نہیں چاہتاکیونکہ زید کو اس کے مکان کی قیمت کم دی جارہی تھی۔بکر کو اپنے چارمرلے والی جگہ کے لئے بھی راستہ گلی سے مل رہا تھا اور زید کے علاوہ بھی ایک پلاٹ اور ساتھ خالی پڑا تھا۔بکر نےزید کے والد کو ساڑھے چار لاکھ کی رقم دے کرجگہ خریدلی جبکہ اس جگہ کی قیمت اس سے زیادہ بنتی تھی۔

     جب زید کو اس بات کا پتہ چلا کہ میرے والد کو پیسے دے کر میرا گھر خرید لیا گیا ہے تو زید نے فورا اس کا انکار کیا اور قانونی کاروائی  کی کہ میں یہ جگہ بیچنے پر راضی نہیں۔بکر نے جگہ کی رقم دیتے ہی فورا زید کا سامان باہر نکال کر اس گھر کو ختم کردیا اور مسجد کی جگہ میں شامل کردیا۔زید کے گھر والی جگہ پر مسجد کے استنجاء خانے بنا دیئے ہیں۔شرع اس بارے میں کیا کہتی ہے ؟کیا یہ جگہ  مسجد کی ہوگئی؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

     بیان کی گئی صورت کے مطابق یہ بیع نہیں ہوئی ۔یہ جگہ ابھی بھی زید کی ملکیت ہے۔ اس پر بکر کا اس طرح مسجد بنادینا درست نہ تھا، جب یہ مکان زید کا تھا تو زید کے والدکازید کی طرف سے بیچنا  شرعی رو سے ایک فضولی عمل تھا جو زید کی اجازت پر موقوف تھا،جب زید نے بعد میں اس خریدو فروخت کو منظور نہ کیا تو بیع باطل ہوگئی ۔

     اب اس جگہ کا شرعی حکم یہ ہے کہ بکر وہ جگہ زید کو راضی کرکے ا س سے خریدے ۔اگر زید اپنی خوشی سے فی سبیل اللہ مسجد کو دیدے تو ثواب عظیم کمائے گا اور اگر کچھ کم قیمت میں بیچ دے تب بھی ثواب کا مستحق ہے۔اگر مکمل جگہ اور اس پرپہلے تعمیر ہوئے گھر کی قیمت وصول کرنا چاہتا ہے تو شرعا اس کی بھی اجازت ہے۔

     اگر زید کسی صورت جگہ مسجد کو دینے کے لئے راضی نہیں تو شرع اس کی بھی اجازت دیتی ہے کہ اسے اس کی اصل جگہ واپس کی جائے۔ اس صورت میں زید کے مکان کو جو ختم کیا گیا،اس پر جو جدید تعمیرات ہوئیں،اب اس جدید تعمیرات کا کیا کیا جائے گا،ان سب مسائل کے حل کے لئے زید اور بکر دونوں دارالافتاء آئیں بعد از تفتیش شرعی فیصلہ کیا جائے گا کہ کیا کرنا ہے۔

وَاللہُ اَعْلَمُعَزَّوَجَلَّوَرَسُوْلُہ اَعْلَمصَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم