مجیب:مفتی ابومحمد علی
اصغرعطاری مدنی
فتوی نمبر:
Nor-12290
تاریخ اجراء: 14 ذو الحجۃ الحرام 1443 ھ/14جولائی 2022 ء
دارالافتاء اہلسنت
(دعوت اسلامی)
سوال
کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ کے
بارے میں کہ اگر وضو کے دوران اندرونی گیس یعنی
ریح نکل جائے، تو کیا اس صورت میں
اس شخص کا وضو ٹوٹ جائے گا ؟ اور اسے نئے سرے سے وضو کرنا ہوگا؟؟ رہنمائی
فرمائیں۔
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ
الرَّحِیْمِ
اَلْجَوَابُ
بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ
وَالصَّوَابِ
درمیانِ وضو اگر وضو توڑنے والی کوئی چیز پائی
جائے تو اس صورت میں نئے سرے سے وضو کرنا ضروری ہوجاتا ہے کہ وہ
پہلے دھلے ہوئے اعضاء بے دھلے ہوگئے ان اعضاء کی طہارت باطل ہوگئی۔ لہذاصورتِ مسئولہ میں بھی
دورانِ وضو ریح نکل جانے سے اس شخص کے وہ دھلے ہوئے اعضاء بے دھلے ہوگئے جس
کی وجہ سے نئے سرے سے اعضائے وضو دھوئے۔
درِ مختارمیں ہے:”
وشرط صحتہا صدور الطہر من اھلہ فی محلہ مع فقد مانعہ “یعنی طہارت درست ہونے کی شرط یہ ہے کہ وہ
طہارت اس کے اہل سے اپنی جگہ پر واقع ہوئی ہو اور کوئی مانع
طہارت چیز بھی نہ پائی گئی ہو۔
مذکورہ بالا عبارت کے تحت رد المحتار میں
ہے:”(مع فقد مانعہ) بان لایحصل ناقض فی خلال الطہارۃ
لغیر معذور بہ“یعنی عبارتِ شرح '' کوئی
مانع طہارت چیز بھی نہ پائی گئی ہو '' اس طرح کہ طہارت کے
درمیان اس طہارت کو ختم کرنے والی کوئی چیز نہ پائی
گئی ہو، یہ اس کے لیے ہے جو اس حدث کے عذر میں مبتلا نہ
ہو۔(رد المحتار مع الدر المختار، کتاب الطھارۃ، ج01،ص203،مطبوعہ
کوئٹہ)
سیدی اعلیٰ حضرت علیہ الرحمہ سے سوال ہوا کہ” اگر درمیان وضو کرنے کے ریح خارج ہوجائے یعنی دو عضو یا تین عضو دھولیے ہیں
اور ایک یا دوباقی ہیں تو اس شخص کو ازسرِ نو وضو کرنا
چاہیے یاجو عضو باقی رہا ہے صرف اسی کو دھولینا کافی
ہے بینوا توجروا؟“ آپ علیہ
الرحمہ اس کے جواب میں فرماتے ہیں:” ازسرِنو
وضو کرے اتنے اعضاء کا غسل باطل ہوگیا۔ “(فتاوٰی
رضویہ،ج01(الف)،ص337،رضافاؤنڈیشن، لاہور)
بہارِ شریعت
میں ہے:”درمیانِ وُضو میں اگررِیح
خارِج ہویاکوئی ایسی بات ہو جس سے وُضو جاتا ہے تو
نئے سرے سے پھر وُضو کرے وہ پہلے دُھلے ہوئے بے دُھلے ہوگئے۔“ (بہارِ شریعت،ج01،
ص310، مکتبۃ المدینہ، کراچی)
وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ
وَاٰلِہٖ وَسَلَّم
وضو میں عورتیں سرکا مسح کس طرح کریں؟
ڈبلیو سی کا رخ شمال کی طرف رکھنا کیسا؟
مخصوص ایام میں معلمہ قرآن کی تعلیم کیسے دے؟
کیا ایام مخصوصہ میں ایک کلمے کی جگہ دوکلمات پڑھائے جاسکتے ہیں؟
جو پانی حالت حمل میں پستان سے نکلے پاک ہے یا ناپاک؟
خون کی نمی کپڑوں پر لگ جاتی ہے نماز جائز ہےیانہیں؟
شرمگاہ پر نجاست کی تری ظاہر ہونےسے وضو ٹوٹے گا یا نہیں؟
لال بیگ پانی میں مرجائے تو پانی پا ک ہے یا ناپاک؟