Sharmgah Ko Hath Lagane Se Hath Napak Hota Hai Ya Nahi ?

شرمگاہ کوہاتھ لگانے سے ہاتھ ناپاک ہوتاہے یا نہیں؟

مجیب:مولانا محمد ابوبکر عطاری مدنی

فتوی نمبر:WAT-2799

تاریخ اجراء:14ذوالحجۃالحرام1445 ھ/21جون2024  ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   مرد کی شرمگاہ پاک ہے یا  ناپاک؟بعض لوگ کہتے ہیں کہ شرمگاہ ناپاک ہوتی ہے لہذا اگر کسی نے شرمگاہ کو چھولیا تو ہاتھ ناپاک ہوجائے گا ،جب تک اس کو دھو نہ لیں ہاتھ پاک نہیں ہوگا ۔لہذا اس کا حکم ارشاد فرمادیں کہ کیا واقعی شرمگاہ ناپاک ہوتی ہے؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   مرد کی شرمگاہ پر اگر کوئی ناپاک چیز نہ لگی ہوتو یہ پاک ہے ،لہذااس کوہاتھ لگانے سے ہاتھ ناپاک نہیں ہوگا،اس لیے کہ یہ جسم کے دیگرحصوں کی طرح ایک حصہ ہے جیسے دیگر اعضا  فی نفسہ پاک ہیں ،اسی طرح یہ بھی پاک ہے اورجیسے دیگراعضاکوہاتھ لگانے سے ہاتھ ناپاک نہیں ہوتا(جب تک کہ ان پرکوئی ایسی ناپاک چیزنہ لگی ہوجوچھوٹ کرہاتھ کولگے)،اسی طرح شرمگاہ کوہاتھ لگانے سے بھی ہاتھ ناپاک نہیں ہوگا۔

   نیزاگرشرمگاہ فی نفسہ ہی ناپاک ہوتی تواس کے ہوتے ہوئے نمازکیسے درست ہوتی ؟اوراگراس کوہاتھ لگانے سے ہاتھ ناپاک ہوتے تواس کے ساتھ لگنے والے کپڑے اورجسم کے دوسرے حصے بھی ناپاک ہوجاتے ۔اورپھروہی نمازوپاکی کے مسائل بنتے۔

   چنانچہ مسنداحمد میں ایک حدیث پاک ہے"عن قيس بن طلق، عن أبيه قال: سأل رجل رسول الله صلى الله عليه وسلم أيتوضأ أحدنا إذا مس ذكره؟ قال: " إنما هو بضعة منك أو جسدك"ترجمہ:حضرت قیس بن طلق اپنے والد سے روایت کرتے ہیں، انہوں نے فرمایا کہ ایک شخص نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سوال کیا کہ کیا ہم میں سے کوئی اپنی شرمگاہ کو چھونے کے بعد وضو کرے گا؟تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:یہ تو محض تمہارا یا تمہارے جسم کا ایک ٹکڑا ہے۔(یعنی جس طرح جسم کے دیگر اعضا کو ہاتھ لگانے سے وضو نہیں ٹوٹتا تو شرمگاہ کو بھی صرف ہاتھ لگانے سے وضو نہیں ٹوٹے گا)۔(مسند احمد،جلد26،صفحہ214،حدیث نمبر16286،مؤسسۃ الرسالہ ،بیروت)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم