Sharai Mazoor Namaz Ka Waqt Shuru Hone Se Pehle Wazu Karle Tu Kya Hukum Hai ?

شرعی معذور نماز کا وقت شروع ہونے سے پہلے وضو کر لے ،تو کیا حکم ہے ؟

مجیب: ابو الحسن جمیل احمد غوری العطاری

فتوی نمبر:Web-614

تاریخ اجراء: 27ربیع لاول1444 ھ  /24اکتوبر2022 ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   شرعی معذور نے مغرب کی نماز پڑھی، پھر مغرب کا وقت ختم ہونے سے پہلے اس نے عشا کی نماز کے لئے وضو کیا ، کیا اس وضو سے عشا کی نماز ادا کرسکتا ہے یا مغرب کا وقت ختم ہونے کے بعد دوبارہ وضو کرنا ہوگا؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   شرعی معذور کا وضو ، نماز کا وقت ختم ہونے سے ٹوٹ جاتا ہے، لہذا نیا وقت شروع ہونے پر اسے نماز کے لئے دوبارہ وضو کرنا ہوگا۔البتہ اگر ایسا معاملہ ہے کہ جس عذر کے سبب سے وہ معذور ہے، وضو کے دوران اور وضو کے بعد آخر وقت تک وہ سبب نہ پایا جائے، تو اس صورت میں وقت ختم ہونے سے وضو نہیں ٹوٹےگا۔

   بہار شریعت میں ہے:”فرض نماز کا وقت جانے سے معذور کا وُضو ٹوٹ جاتا ہےجیسے کسی نے عصر کے وقت وُضو کیا تھاتو آفتاب کے ڈوبتے ہی وُضو جاتارہا۔۔۔ وُضو کرتے وقت وہ چیز نہیں پائی گئی جس کے سبب معذور ہے اور وُضو کے بعد بھی نہ پائی گئی یہاں تک کہ باقی پورا وقت نماز کا خالی گیا تو وقت کے جانے سے وُضو نہیں ٹوٹا۔“(بہار شریعت، جلد1، حصہ 2، صفحہ 386، مکتبۃ المدینہ، کراچی)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم