Masjid Ya Ghar Ke Tank Ka Pani Mustamal Ho Jaye Tu Kya Karein?

مسجد یا گھر کے ٹینک کا پانی مستعمل ہوجائے تو کیا کریں ؟

مجیب: مولانا محمد ماجد رضا عطاری مدنی

فتوی نمبر:Web-1314

تاریخ اجراء: 08جمادی الثانی1445 ھ/01جنوری2024   ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   مسجد یا گھر وغیرہ میں زمین میں ٹینکی بنی ہوتی ہے اس میں موجود  پانی اگر مستعمل ہو جائے تو اس کو استعمال کے قابل کیسے بنایا  جاسکتا ہے؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   مستعمل پانی  خواہ کسی بھی چیز میں ہو اسے قا  بل ِ استعمال بنانے کا طریقہ یہ ہے کہ اس میں موجود پانی سے زیادہ صاف پانی شامل کردیں  تو یہ سارا پانی استعمال کے قا بل ہوجائے گا یا یوں بھی کیا جاسکتا ہے کہ پاک پانی ڈالا جائے یہاں تک کہ پانی ٹینک سے نکل کر بہنے لگے اس طریقے سے سارا پانی قابل استعمال ہوجائے گا ۔

   بہار شریعت میں ہے :”پانی میں ہاتھ پڑگیایا اَور کسی طرح مستعمل ہو گیا اور یہ چاہیں کہ یہ کام کا ہو جائے تو اچھا پانی اس سے زِیادہ اس میں مِلادیں، نیز اس کا یہ طریقہ بھی ہے کہ اس میں ایک طرف سے پانی ڈالیں کہ دوسری طرف سے بہ جائے سب کام کا ہو جائے گا ۔“(بہار شریعت ،جلد:1،صفحہ :334،مکتبۃ المدینہ،کراچی)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم