Khare Ho Kar Peshab Karne Ki Surat Mein Ghusl Karne Ka Hukum

کھڑے ہوکر پیشاب کرنے کی صورت میں غسل کرنے کا حکم

مجیب: مولانا محمد کفیل رضا عطاری مدنی

فتوی نمبر: Web-1478

تاریخ اجراء: 12شعبان المعظم1445 ھ/23فروری2024   ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   کھڑے ہوکر پیشاب کرنے کی صورت میں اگر بدن پر چھینٹے لگ جائیں توکیا غسل کرنا ضروری ہوگا؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   کھڑے ہوکر پیشاب کرنے کی وجہ سے غسل فرض نہیں ہوتا   البتہ بلا عذر شرعی ایسا کرنا خلافِ سنت اور مکروہ و ممنوع ضرور ہے کہ  کھڑے ہو کر پیشاب کرنے میں  بدن  اورکپڑوں پرچھینٹیں پڑنا یونہی جسم ولباس کوبلاضرورت شرعیہ ناپاک کرنا  (جوکہ حرام  ہے) اور  ان چھینٹوں کے باعث عذاب قبرکامستحق ہونا وغیرہ کئی خرابیاں لازم آتی ہیں  ، لہٰذا بلا عذر کھڑے ہوکر پیشاب کرنے سے بچاجائے۔

   بہار شریعت میں ہے : ”کھڑے ہو کر یا لیٹ کر پیشاب کرنا مکروہ ہے۔ “(ملخصا)(بہار شریعت ، جلد1 ، حصہ2 ، صفحہ 409 ، مکتبۃ المدینہ ، کراچی)

   سیدی اعلیٰ حضرت الشاہ امام احمد رضا خان رحمۃ اللہ علیہ ارشاد فرماتے ہیں : ”کھڑے ہو کر پیشاب کرنے میں چار حرج ہیں : اوّل: بدن اور کپڑوں پر چھینٹیں پڑنا ، جسم ولباس بلاضرورتِ شرعیہ ناپاک کرنا اور یہ حرام ہے ۔۔۔ دوم:ان چھینٹوں کے باعث عذابِ قبر کا استحقاق اپنے سر پر لینا۔  رسول اللہ صلی اللہ تعالٰی علیہ وسلم فرماتے ہیں: تنزھوا من البول فان عامۃ عذاب القبرمنہ (پیشاب سے بہت بچوکہ اکثر عذابِ قبر اُسی سے ہے) ۔۔۔ سوم: رہگزر پر ہو یا جہاں لوگ موجود ہوں ، تو باعثِ بے پردگی ہو گا ، بیٹھنے میں رانوں اور زانوؤں کی آڑ ہو جاتی ہے اور کھڑے ہونے میں بالکل بے ستری اور یہ باعثِ لعنتِ الٰہی ہے۔ حدیث میں ہے: لَعَنَ اللہُ الناظرَ والمنظورَ الیہ (اللہ کی لعنت دیکھنے اور دکھانے والے پر) ۔۔۔چہارُم: یہ نصارٰی سے تشبّہ اور ان کی سنّتِ مذمومہ میں اُن کا اتباع ہے ، آج کل جن کو یہاں یہ شوق جاگا ہے ، اس کی یہی علّت اور یہ موجبِ عذاب وعقوبت ہے ۔۔۔ اس حرکت سے نہی اور اس کے بے ادبی وجفا و خلافِ سنّتِ مصطفٰی صلی اللہ تعالٰی علیہ وسلم ہونے میں احادیثِ صحیحہ معتمدہ وارد ہیں ۔ “(ملخصاً)(فتاوٰی رضویہ ، جلد4 ، صفحہ 585۔587 ، رضا فاؤنڈیشن ، لاہور)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم