Janwar Zibah Karne Ke Baad Gosht Mein Baqi Reh Jane Wala Khoon Pak Hota Hai?

جانور ذبح کرنے کے بعد گوشت میں باقی رہ جانے والا خون پاک ہوتا ہے؟

مجیب: ابو محمد مفتی علی اصغر عطاری مدنی

فتوی نمبر: Nor-13165

تاریخ اجراء: 19جمادی الاولیٰ1445 ھ/04دسمبر 2023   ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   کیافرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ کےبارےمیں کہ جانور کو ذبح کرنے کے بعد جو خون گوشت میں باقی رہ جاتا ہے وہ خون اگر کپڑوں پر لگ جائے، تو کیا اس صورت میں کپڑے ناپاک ہوجائیں گے ؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   جی نہیں! پوچھی گئی صورت میں اس خون کے کپڑوں پر لگ جانے سے کپڑے ناپاک نہیں ہوں گے، کیونکہ جانور کو ذبح  کرنے کے  بعد اُس کی رگوں اور گوشت میں باقی رہ جانے والا خون ناپاک نہیں ہوتا کہ یہ دم مسفوح نہیں ۔

    فتاوٰی عالمگیری وغیرہ کتبِ فقہیہ میں مذکور ہے:”وما يبقى من الدم في عروق الذكاة بعد الذبح لا يفسد الثوب وإن فحش . كذا في فتاوى قاضي خان وكذا الدم الذي يبقى في اللحم ؛ لأنه ليس بمسفوح، هكذا في محيط السرخسي۔“یعنی ذبح کے بعد جو خون  ذبیحہ کی رگوں میں باقی رہ جائے تو اُس خون سے کپڑے ناپاک نہیں ہوں گے اگرچہ یہ خون کثیر مقدار میں ہو، جیسا کہ فتاوٰی قاضی میں مذکور ہے۔ اسی طرح وہ خون جو گوشت میں باقی رہے کہ یہ دمِ مسفوح نہیں، اسی طرح محیط سرخسی  میں مذکور ہے۔(الفتاوٰی الھندیۃ، کتاب الطھارۃ، ج 01، ص 46 ، مطبوعہ بیروت)

   بہار شریعت میں ہے:” گوشت، تِلّی، کلیجی میں جو خون باقی رہ گیا پاک ہے۔ “(بہارشریعت ، ج 01، ص392، مکتبۃ  المدینہ، کراچی)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم