Hath Ke Zakham Mein Khoon Chalta Hua Dikhe Lekin Bahar Na Nikle To Hukum

ہاتھ کے زخم سے خون گردش کرتا ہوا نظر آئے لیکن باہر نہ نکلے تو حکم

مجیب: مولانا عابد عطاری مدنی

فتوی نمبر:Web-1321

تاریخ اجراء: 14جمادی الثانی1445 ھ/28دسمبر2023   ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   ہاتھ کی مکمل پشت پر زخم پھیلا ہوا ہے اور خون  اسی زخم کے گھیراؤ میں ادھر ادھر بہتا رہتا ہے،اس زخم سے باہر صحیح بدن کی طرف نہیں اترتا،کیا یہ بہتا خون بھی وضو توڑ دیگا ؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   پوچھی گئی صورت میں ہاتھ کی پشت پر  ہونے والا زخم ایسا ہے کہ جس کی اندرونی سطح باہر سے دکھائی دیتی ہے ، اسی زخم میں ادھر ادھر بہتا رہتا ہےتو ایسی صورت میں وضو نہیں ٹوٹے گا اور نہ وہ خون ناپاک ہو گا جب تک کہ وہ خون اسی زخم میں ہے  البتہ زخم سے باہر نکل آنے پر حکم مختلف ہوگا۔

   فوائد رضویہ میں ہے:” کُھلا ہوا چوڑا گھاؤ جس کی اندرونی سطح باہر سے دکھائی دے ظاہر یہ ہے کہ جب تک اچھا نہ ہو باطن بدن کے حکم میں ہے ، اگر اس کے اندر خون وغیرہ اُبلے کہ اس کے کناروں تک آ جائے اس کے صرف بالائی حصے پر اُبل کر اس کے اندر اندر بہے باہر نہ نکلے تو وضو نہ جائے گا ، نہ وہ خون ناپاک ہو کہ ہنوز اپنے مقام ہی میں دورہ کر رہا ہے ۔“(فوائد رضویہ من فتاوی رضویہ، جلد 1 ،صفحہ 453، رضا فاؤنڈیشن، لاھور)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم