Gosht Dhone Ke Baad Pani Mein Dalne Se Jo Khoon Nikle, Iska Hukum

 

دھونے کے بعد گوشت سے نکلنے والے خون کا حکم

مجیب:مولانا محمد کفیل رضا عطاری مدنی

فتوی نمبر:Web-1732

تاریخ اجراء:23ذوالقعدۃالحرام1445ھ/01جون2024ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   مارکیٹ سے جو  کٹا ہوا گوشت ،مٹن  وغیرہ  لیتے ہیں اس کو دھونے کے بعد پانی میں ڈالتے ہیں تو خون نکلتا  ہے یہ پاک ہے یا ناپاک ہے؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   پوچھی گئی صورت میں یہ خون پاک ہے، اس خون کے کپڑوں پر لگ جانے سے کپڑے ناپاک نہیں ہوں گے، کیونکہ جانور کو ذبح  کرنے کے بعد اُس کی رگوں اور گوشت میں باقی رہ جانے والا خون ناپاک نہیں ہوتا کہ یہ دم مسفوح نہیں ۔

   فتاوٰی عالمگیری وغیرہ کتبِ فقہیہ میں مذکور ہے:”وما يبقى من الدم في عروق الذكاة بعد الذبح لا يفسد الثوب وإن فحش . كذا في فتاوى قاضي خان وكذا الدم الذي يبقى في اللحم ؛ لأنه ليس بمسفوح، هكذا في محيط السرخسي“ یعنی ذبح کے بعد جو خون ذبیحہ کی رگوں میں باقی رہ جائے تو اُس خون سے کپڑے ناپاک نہیں ہوں گے اگرچہ یہ خون کثیر مقدار میں ہو، جیسا کہ فتاوٰی قاضی میں مذکور ہے۔اسی طرح وہ خون جو گوشت میں باقی رہے کہ یہ دمِ مسفوح نہیں، اسی طرح محیط سرخسی میں مذکور ہے۔(الفتاوٰی الھندیۃ ، جلد 01، صفحہ 46 ، مطبوعہ بیروت)

   بہار شریعت میں ہے:” گوشت، تِلی، کلیجی میں جو خون باقی رہ گیا پاک ہے۔ ‘‘(بہارشریعت ، جلد 01، صفحہ392، مکتبۃ  المدینہ، کراچی)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم

ٹیگز : Ghost Pani Khoon Kapre