Gobar Wale Gamle Se Pani Nikal Kar Bahe To Pak Hai Ya Napak ?

گوبر والے گملے سے پانی نکل کر بہے تو پاک ہے یا ناپاک ؟

مجیب: مولانا جمیل احمد غوری عطاری مدنی

فتوی نمبر:Web-1419

تاریخ اجراء: 03رجب المرجب1445 ھ/15جنوری2024   ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   گھروں میں موجود پودوں کے گملے میں زیادہ مٹی ہے اور تھوڑی مقدار میں گوبر، اب اس گملے میں پانی ڈالا اور پانی گملے سے نکل کر بہنے لگا تو یہ پانی پاک ہے یا ناپاک ؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

اس کے متعلق شیخِ طریقت  امیر اہلسنت مدظلہ العالی ارشاد فرماتے ہیں:” گھروں میں گملے (Flowerpot)لگانے والے اسلامی بھائی اِس بات کا خاص خیال رکھیں کہ گملوں میں ڈالی جانے والی کھاد (Fertilizer)میں  گائے وغیرہ کا گوبر(Dung) شامل ہوتا ہے جو ناپاک ہے اور یہ گوبر ساری کھاد کو بھی ناپاک کر دیتا ہے  نیز اس گوبر کے مٹی ہوجانے سے پہلے جو پانی اس میں ڈالا جاتا ہے وہ بھی ناپاک ہو جاتا ہے ۔ اس پانی کے باہر نکلنے کے لیے گملوں کے  نیچے سوراخ ہوتا ہے تو جب تک گملوں کی کھاد  پوری طرح  مٹی نہیں ہوجاتی اس میں سے نکلنے والا پانی نجس ہوگااس سے اپنے بَدن اور کپڑوں کو بچانا ضَروری ہے ۔  جن کے لیے ممکن ہو وہ گملوں میں گوبر والی کھاد نہ ڈالیں بلکہ باغبان (Gardener)سے مشورہ کر کے مٹی والی کھاد جس میں مخصوص کیمیکل ملا ہوتا ہے وہ  ڈالیں  تاکہ ناپاکی کا خطرہ ہی نہ رہے ۔“(درخت لگائیے ثواب کمائیے،صفحہ15-16،مطبوعہ:مکتبۃ المدینہ،کراچی)

   ایک حل یہ بھی ممکن ہے کہ ان گملوں کے نیچے کوئی بڑی سی پلیٹ یا تھال رکھ دیا جائے تاکہ پانی اس میں جمع ہوجائے اور فرش پر نہ بہے۔ اس طرح کرنے سے بھی ناپاکی سے کافی حد تک بچا جاسکتا ہے ۔

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم