Deewar Mein Lagi Tile Napak Ho Jaye Tu Kya Khushk Hone Se Pak Hogi ?

دیوارمیں لگی ٹائل ناپاک ہوگئی توخشک ہونے سے پاک ہوگی یا نہیں ؟

مجیب: ابوصدیق محمد ابوبکر عطاری

فتوی نمبر: WAT-1024

تاریخ اجراء:       01صفر المظفر1444 ھ/29اگست2022 ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   میرا سوال یہ ہے کہ اگر ٹائل دیوار میں لگی ہے جسے الگ نہیں کیا جا سکتا اور ناپاک ہو گئی ہے تو کیا خشک ہونے سے وہ پاک ہو  جائے گی ؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   اگر خشک ہونے سے  نجاست کا اثر ختم ہو جائے تو وہ ٹائل پاک ہو جائے گی اور اگر نجاست کا اثر باقی ہے تو پھر اسے دور کرنا ضروری ہے ،چونکہ دیوارزمین کے ساتھ متصل ہوتی ہے لہذا وہ زمین کے حکم میں ہی ہو گی اور زمین خشک ہونے سے پاک ہو جاتی ہے، اب اگر اس دیوار پر ٹائل لگا دی گئی ہے تو اس کا بھی یہی حکم ہو گا۔

   بہار شریعت میں ہے :"درخت اور گھاس اور دیوار اور ایسی اینٹ جو زمین میں جڑی ہو ، یہ سب خشک ہو جانےسے پاک ہو گئے اور اگر اینٹ جڑی ہوئی نہ  ہو تو خشک ہونے سے پاک نہ ہو گی بلکہ دھونا ضروری ہے۔ یوہیں درخت یا گھاس سوکھنے کے پیشتر کاٹ لیں تو طہارت کے لیے دھونا ضروری ہے ۔ اگر  پتھر ایسا ہو جو زمین سے جدا نہ ہو سکے تو خشک ہونے سے پاک ہے ورنہ دھونے کی ضرورت ہے۔"(بہار شریعت، ج01، ص401، مکتبۃ المدینہ )

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم