Cold Cream Lagi Ho To Kya Wudu Ho Jaye Ga ?

کولڈ کریم لگی ہو ، تو کیا وضو ہوجائے گا ؟

مجیب:مفتی محمد قاسم عطاری

فتوی نمبر:64

تاریخ اجراء: 12جمادی الاولی1439ھ30جنوری 2018ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین اس بارے میں کہ سردی سے بچنے کے لیے ہاتھوں اور منہ پہ جو کولڈ کریم لگائی جاتی ہے،کیا اس کے لگے ہونے کی حالت میں وضو ہو جائے گایا پھر اسے صابن وغیرہ سے دھو کر وضو کرنا پڑے گا؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   سردی کے اثرات سے بچنے کے لیے جِلد پہ جو ویسلین یا کریمز لگائی جاتی ہیں ، وہ عام طور پہ  جِرم دار نہیں ہوتی، جس کی وجہ سے پانی کے جِلد تک پہنچنے میں رکاوٹ بھی نہیں بنتیں، لہٰذا اس قسم کی کریمز جِلد پہ لگے ہونے کی حالت میں وضو ہو جائے گا، ان کی چکنائی صابن وغیرہ سے دھو کر وضو کرنا ضروری نہیں۔

   در مختار، امداد الفتاح و مراقی الفلاح میں ہے:واللفظ للآخر:’’بقاء دسومۃ الزیت ونحوہ لا یمنع لعدم الحائل‘‘ ترجمہ: تیل کی چکناہٹ اور اس کی مثل دیگر اشیاء ( جو جِرم دار نہ ہوں، ان) کا باقی رہنا پانی کے جسم تک پہنچنے میں رکاوٹ نہ ہونے کی وجہ سے وضو سے مانع نہیں ۔‘‘( حاشیۃ الطحطاوی علی مراقی الفلاح، کتاب الطھارۃ ، صفحہ 62، مطبوعہ  کراچی)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم