زخم پر پٹی بندھی ہو ، تو وضو ہی کرنا ہوگا یا تیمم بھی کر سکتے ہیں ؟ |
مجیب:مفتی علی اصغر صاحب مدظلہ العالی |
فتوی نمبر:Nor-11624 |
تاریخ اجراء:29شوال المکرم 1442ھ/10جون2021ء |
دارالافتاء اہلسنت |
(دعوت اسلامی) |
سوال |
کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلے کے بارےمیں کہ میری آنکھ کا آپریشن ہوا ، جس کی وجہ سے میری آنکھ پر پٹی باندھی گئی ہے، ڈاکٹرصاحب نے کہا ہے کہ آپ اسے پانی سے بچائیے گا ، اگر اس پر پانی لگاتو آپ کی آنکھ کو نقصان پہنچ سکتا ہےاورنماز کے لیے وضو کرنے کی بجائے تیمم کیجئے گا ۔ میں نے اپنے علاقے کے ایک عالم صاحب سے اس کے متعلق مسئلہ پوچھا ، تو انہوں نے بھی یہی کہا کہ وضو کرنے کی بجائے تیمم کرکے نماز پڑھیں پھر ایک مفتی صاحب سے اپنی کیفیت بیان کرکے کال پر مسئلہ پوچھا ، تو انہوں نے کہا کہ آپ وضو ہی کریں گے جس جگہ پر پٹی بندھی ہوئی ہے ، اس جگہ مسح کریں گے۔میری شرعی رہنمائی فرمائیں کہ اس صورت میں وضو کا کیاحکم ہے؟کیا مجھے تیمم کی اجازت ہے؟ |
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ |
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ |
پوچھی گئی صورت میں آپ پر وضو کرنا ہی لازم ہے، تیمم کرنے کی اجازت نہیں۔ اس مسئلے کی تفصیل یہ ہے کہ اگر اعضائے وضو پر زخم کی وجہ سے پٹی باندھی ہوئی ہواور اس پٹی پر پانی بہانا نقصان دہ ہوتو اس پٹی والے حصے کے علاوہ باقی اعضائے وضو کہ جن کو وضو میں دھویا جاتاہے ، ان کو دھونے کا حکم ہےاور اس پٹی پر مسح کرنے کا حکم ہے اور اگر اس پٹی پر مسح کرنا بھی نقصان دہ ہو ، تو اتنے حصے کوچھوڑ دےاور باقی اعضائے وضو کو دھولے کہ اس کے حق میں اسے دھونے یا مسح کرنےکا حکم ساقط ہے۔ نیز جس شخص نے غلط مسئلہ بتایا اس پر توبہ لازم ہے کہ بغیر علم کے شرعی حکم بتانا حرام ہے۔ زخم پر پانی بہانانقصان دہ ہوتو اس کا حکم بیان کرتے ہوئے الاختیار لتعلیل المختار میں ہے:”فمن كان به جراحة يضرها الماء ووجب عليه الغسل غسل بدنه إلا موضعها ولا يتيمم لها ، وكذلك إن كانت الجراحة في شيء من أعضاء الوضوء غسل الباقي إلا موضعهاولا يتيمم لها“یعنی: جسے ایسا زخم ہوجس پر پانی بہانا نقصا ن دے اور اس پر غسل لازم ہوجائےتو زخم والی جگہ کے علاوہ باقی بدن پر پانی بہائے اور وہ اس زخم کی وجہ سے تیمم نہیں کرے گا۔ اسی طرح اگر اعضائے وضو میں سے کسی عضو پر زخم ہوجائےتو زخم والی جگہ کے علاوہ باقی اعضائے وضو پر پانی بہائے اوروہ اس زخم کی وجہ سے تیمم نہیں کرےگا۔ (الاختیار لتعلیل المختار،جلد01،صفحہ33،مطبوعہ پشاور) زخم کی جگہ کو کب دھویا جائے گا، کب اس پرمسح کیا جائے گا اورکب مسح کرنا بھی معاف ہے ؟ اس حوالےسے تفصیل بیان کرتے ہوئے درمختار میں ہے:” لزوم غسل المحل ولو بماء حار ، فإن ضر مسحه ، فإن ضر مسحها ، فإن ضر سقط أصلا“یعنی :اولاً زخم کی جگہ کو دھونا ہی لازم ہے اگرچہ گرم پانی سےہواوراگر دھونے سے ضرر ہوتو مسح کرے ، اگر زخم کی جگہ پر مسح کرنے سے بھی ضرر ہو تو پٹی پر مسح کرے ، اگر پٹی پر مسح کرنے سے بھی ضرر ہوتو معافی ہے۔ (در مختار معہ رد المحتار،جلد01،صفحہ517،مطبوعہ کوئٹہ) اعلی حضرت امام اہلسنت الشاہ امام احمد رضا خان علیہ رحمۃ الرحمٰن سے فتاوی رضویہ میں سوال ہوا:”زید کی ران میں پھوڑا یا اور کوئی بیماری ہے ڈاکٹر کہتا ہے پانی یہاں نقصان کرے گا مگر صرف اسی جگہ مضر ہے اور بدن پر ڈال سکتاہے اس حالت میں وضویا غسل کے لیےتیمم درست ہے یا نہیں؟ اگر درست ہے تو تیمم غسل کا ویسا ہی ہے جیسا وضو کا؟ یا کیا حکم ہے؟ آپ علیہ الرحمۃ نے اس سوال کا جواب دیا:”صورتِ مسئولہ میں غسل یا وضو کسی کیلئے تیمم جائز نہیں وضو کیلئے نہ جائز ہوناتوظاہر کہ ران کو وضو سے کوئی علاقہ نہیں اور غسل کیلئے یوں نا روا کہ اکثر بدن پر پانی ڈال سکتا ہے لہٰذا وضو تو بلاشبہ تمام وکمال کرے اور غسل کی حاجت ہوتواگر مضرت صرف ٹھنڈاپانی کرتا ہے گرم نہ کرے گا اور اسے گرم پانی پر قدرت ہے توبیشک پورا غسل کرے اتنی جگہ کو گرم پانی سے دھوئے باقی بدن گرم یاسرد جیسے سے چاہے ،اور اگر ہر طرح کا پانی مضر ہے یا گرم مضر تو نہ ہوگا مگر اسے اس پر قدرت نہیں توضرر کی جگہ بچا کر باقی بدن دھوئے اور اس موضع پر مسح کرلے اور اگر وہاں بھی مسح نقصان دے مگر دوا یا پٹی کے حائل سے پانی کی ایک دھار بہا دینی مضر نہ ہوگی تو وہاں اُس حائل ہی پر بہادے باقی بدن بدستور دھوئے اور اگر حائل پر بھی پانی بہانا مضر ہوتو دوا یا پٹی پر مسح ہی کرلے اگر اس سے بھی مضرت ہوتو اُتنی جگہ خالی چھوڑ دے ۔ جب وہ ضرر دفع ہوتوجتنی بات پر قدرت ملتی جائے بجالاتاجائے ۔ یہی سب حکم وضو میں ہیں ۔ اگر اعضائے وضو میں کسی جگہ کوئی مرض ہو۔“ (فتاوی رضویہ،جلد01(ب)،صفحہ617-618،رضا فاؤنڈیشن ) بغیر علم کے فتوی دینے کے متعلق کنز العمال میں بحوالہ ابن عساکر حضرت علی کرم اللہ تعالیٰ وجہہ الکریم سے مروی ہے:”من افتی بغیر علم لعنتہ ملٰئکۃ السماء و الارض “یعنی: جو بغیر علم کے کوئی حکم شرعی بتائے اس پر آسمان و زمین کے فرشتے لعنت کرتے ہیں۔ (کنز العمال ،جلد 10 ، صفحہ 84، مطبوعہ ملتان) |
وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم |
وضو میں عورتیں سرکا مسح کس طرح کریں؟
ڈبلیو سی کا رخ شمال کی طرف رکھنا کیسا؟
مخصوص ایام میں معلمہ قرآن کی تعلیم کیسے دے؟
کیا ایام مخصوصہ میں ایک کلمے کی جگہ دوکلمات پڑھائے جاسکتے ہیں؟
جو پانی حالت حمل میں پستان سے نکلے پاک ہے یا ناپاک؟
خون کی نمی کپڑوں پر لگ جاتی ہے نماز جائز ہےیانہیں؟
شرمگاہ پر نجاست کی تری ظاہر ہونےسے وضو ٹوٹے گا یا نہیں؟
لال بیگ پانی میں مرجائے تو پانی پا ک ہے یا ناپاک؟