Nabeez Banane Aur Istemal Karne Ka Tarika Kya Hai?

نبیذ بنانے اور استعمال کرنے کا طریقہ کیا ہے؟

مجیب:ابوصدیق محمد ابوبکر عطاری

فتوی نمبر:WAT-1204

تاریخ اجراء:29ربیع الاول1444ھ/26اکتوبر2022ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   نبیذ استعمال کرنے کا سنت طریقہ کیا ہے اور بعض لوگ کہتے ہیں کہ رات کو کھجور پانی میں رکھ دیں تو  صبح تک وہ پانی شرا ب بن جاتا ہے کیا یہ صحیح ہے ؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   نبیذ یعنی کھجور یا منقی کو پانی میں بھگویا جائے وہ پانی نشہ پیدا ہونے سے پہلے پیا جائے یہ جائز ہے اور احادیث سے اس کا جواز ثابت ہے ،نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی نبیذ استعمال فرمائی ہےلوگوں کا یہ کہنا کہ رات کو کھجور پانی میں بھگوئیں تو صبح شراب بن جاتی ہے ایسا نہیں ، البتہ  اگرپانی میں کھجوریں اس طرح پڑی رہیں  کہ کسی طرح اس میں نشہ پیدا ہو جائے، تو اب اسے استعمال کرنا جائز نہیں ۔

   صحیح مسلم میں ہے :"ام المؤمنین سید ہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالی عنھا فرماتی ہیں : ہم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے لیے مَشک میں نبیذ بناتے صبح کو بناتے تو عشا تک نوش فرماتے اور عشا کو بناتے تو صبح تک نوش فرماتے ۔"(یہ گرمی کے زمانے میں ہوتا تھا)(صحیح مسلم ، کتاب الاشربۃ ، باب اباحۃ النبیذ۔۔۔الخ،ج03، ص1590،داراحیاء التراث العربی، بیروت)

   صحیح مسلم کی ایک اور روایت میں ہے :"حضرت عبد اللہ بن عباس رضی اللہ تعالی عنھما سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے لیے اول شب میں نبیذ بنائی جاتی ،اس کی صبح اسے نوش فرماتے،اوراگلی رات میں پھر دوسرے روز اور اس کی رات میں اور تیسرے دن عصر تک پھر اگر  بچ جاتی تو خادم کو پلا دیتے یا بہانے کاحکم فرماتے توبہادی جاتی ۔" (یہ سردیوں کے زمانے میں ہوتا) (صحیح مسلم ، کتاب الاشربۃ ، باب اباحۃ النبیذ۔۔۔الخ،ج03، ص1589،داراحیاء التراث العربی،بیروت)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم