Jumuah Ka Khutbah Kis Andaz Mein Beth Kar Sunna Chahiye ?

جمعہ کا خطبہ کس انداز میں بیٹھ کر سننا چاہئے؟

مجیب: مفتی محمد نوید رضا عطاری مدنی

فتوی نمبر:WAT-2397

تاریخ اجراء: 13رجب المرجب1445 ھ/25جنوری2024   ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   جمعے کا خطبہ کس انداز سے بیٹھ کر سننا حدیث سے ثابت ہے  ؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   جمعہ کاخطبہ سننے کے لیےبیٹھنےمیں درج ذیل باتوں کالحاظ رکھاجائے توزیادہ ثواب ہے:

·      جمعے کا خطبہ سنتے وقت  دوزانو بیٹھنا، جس طرح نماز میں بیٹھتے ہیں ، یہ سنتِ مستحبہ ہے ۔

·      اور  اس طرح بیٹھنا کہ پہلے خطبے میں ہاتھ باندھیں اور دوسرے خطبے میں ہاتھ زانوؤں پر رکھیں ، اس سے ان شاء اللہ عزجل  دو رکعت کا ثواب ملے گا ۔

   چنانچہ ترمذی شریف کی حدیث پاک میں ہے :" عن سھل بن معاذ عن ابیہ عن النبی صلی اللہ علیہ وسلم نھیٰ عن الحبوۃ یوم الجمعۃ والامام یخطب " حضرت سہل بن معاذ سے وہ اپنے والد سے روایت کرتے ہیں کہ نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم نے جمعے کے دن اکڑوں بیٹھنے سے منع فرمایا جب امام خطبہ دے رہا ہو ۔(جامع الترمذی ، ص 229، مطبوعہ : مکتبہ رحمانیہ )

   اس کی شرح میں حکیم الامت مفتی احمد یار خان نعیمی رحمۃ اللہ علیہ لکھتے ہیں :" کیونکہ اس بیٹھک میں نیند بھی آتی ہے اور ریح نکلنے کا بھی اندیشہ ہوتا ہے۔بزرگانِ دین تو فرماتے ہیں کہ دوزانو بیٹھ کر خطبہ سنے پہلے خطبہ میں ہاتھ باندھے اور دوسرے میں زانوؤں پر ہاتھ رکھے تو ان شاءاﷲ دورکعت کا ثواب ملے گا کیونکہ خطبہ فرض ظہر کی دو رکعتوں کے قائم مقام ہے۔"         (مرآۃ المناجیح ج2،ص323، مطبوعہ : مکتبہ اسلامیہ )

   دوزانو بیٹھ کر خطبہ سننا سنت ہے ، چنانچہ بہار شریعت میں خطبے کی سنتوں کے بیان میں  ہے : خطبہ سننے کی حالت میں دو زانو بیٹھے جیسے نماز میں بیٹھتے ہیں۔ (بہار شریعت ج1،حصہ 4،ص768، مطبوعہ : مکتبۃ المدینہ )

   معراج الدرایہ میں ہے” ويستحب أن يقعد فيها كما يقعد في الصلاة لقیامھا مقام رکعتین ترجمہ : جس طرح نماز میں بیٹھتے ہیں ،ویسے ہی  خطبے کے دوران بیٹھنا مستحب ہے کیونکہ خطبہ دو رکعتوں کے قائم مقام ہے۔ (معراج الدرایہ فی شرح الھدایۃ،ج 2،ص 336،دار الکتب العلمیۃ،بیروت)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم