Roze Ki Halat Me Dialysis Karwana

روزے کی حالت میں ڈائلیسزکروانا

مجیب: عبدہ المذنب محمد نوید چشتی عفی عنہ

فتوی نمبر: WAT-947

تاریخ اجراء:       04محرم الحرام1443 ھ/04اگست2022 ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   ڈائلیسز سے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے یا نہیں؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   ڈائلیسِس (خون کی صفائی)کے دو طریقے ہیں :(1)ہیمو ڈائلیسس (2)پیری ٹونیل ڈائلیسِس ۔

    (1) ہیموا ڈائلیسِس کاطریقہ کار:

اس میں خون سے فاسد مادوں ، اضافی نمک اور زائد پانی مشین کے ذریعے نکال لیا جاتا ہے، پھر دواؤں اور کیمیاوی و غذائی مواد کے اضافے کے ساتھ رگوں کے ذریعے خون جسم میں واپس لوٹا دیا جاتا ہے۔

   ہیموڈائلیسس کاحکم:

 اس طریقہ کار میں کوئی چیز منفذ (ایساسوراخ کہ جس سے داخل ہونے والی چیز ڈائریکٹ معدے یا دماغ تک پہنچتی ہو،اس )سےجسم کے اندر نہیں جاتی اور نہ معدے یا دماغ میں جاتی ہے،اس لئے اس سے روزہ فاسد نہیں ہوگا۔

   (2) پیری ٹونیل ڈائلیسِس کاطریقہ کار:

اس  میں مریض کے پیٹ میں موٹی تہ تک سوراخ کر کے اندر معدے سے متصل بیرونی جھلی تک ایک پائپ ڈالا جاتا ہے اور پھر اس کے ذریعے ایک خاص قسم کا پانی ’’پیری ٹونیل فلوڈ‘‘پیٹ کی جھلّی میں ڈالا، پھر باہر نکالا جاتا ہے۔

   پیری ٹونیل ڈائلیسِس کاحکم:

   اوپرمذکورپیری ٹونیل ڈائلیسس کے طریقہ کارسے ثابت ہواکہ  جراحی اور دوا پہنچانے کا یہ عمل پیٹ کے زخم میں دوا پہنچانے کے عمل کی طرح ہے، جس کا حکم امام اعظم علیہ الرحمۃ کے مذہب پر فسادِ صوم ہے،اورقضاواجب ہے ۔ لہٰذا پیری ٹونیل   ڈائلیسِس سے روزہ ٹوٹ جائے گا اوراس روزے کی  قضا لازم ہو گی۔

   احتیاط:

   اس صورت میں اولاً یہ کوشش کی جائے کہ پیری ٹونیل ڈائلیسِس رات کو ہو تاکہ روزے کے ٹوٹنے اور پھر قضا کا سوال ہی پیدا نہ ہو اور کسی مجبوری کی وجہ سے دن میں  ہی ڈائلیسِس کرائے، تو روزے کی قضا کر لے۔

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم