Roza Iftar Karne Ki Dua Kab Parhni Chahiye ?

روزہ افطار کرنے کی دعا کب پڑھیں ؟

مجیب: ابو حمزہ محمد حسان عطاری

مصدق: مفتی فضیل رضا  عطاری

فتوی  نمبر: 12

تاریخ  اجراء: 07رمضان المبارک4214ھ/20اپریل2021ء

دارالافتاء  اہلسنت

(دعوت  اسلامی)

سوال

   کیا فرماتے ہیں علمائے دین ومفتیان شرع متین اس مسئلے کے بارے میں کہ افطار کی دعائے ماثورہ (اللھم لک صمت وبک امنت وعلیک توکلت وعلی رزقک افطر)کس وقت پڑھنی چاہیے ؟افطاری کرنے سے پہلے یا افطاری کرنے کے بعد؟

بِسْمِ  اللہِ  الرَّحْمٰنِ  الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ  بِعَوْنِ  الْمَلِکِ  الْوَھَّابِ  اَللّٰھُمَّ  ھِدَایَۃَ  الْحَقِّ  وَالصَّوَابِ

   احادیث طیبہ سے یہ بات واضح ہے کہ افطار کی دعا افطار کرنے کے بعد پڑھنا سنت ہے۔

   امام ابو داؤد رحمۃ اللہ تعالی علیہ حضرت معاذ بن زہرہ رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت کرتے ہیں:’’ أنہ  بلغہ  أن النبی صلی اللہ     تعالى علیہ     و   آلہ     و    سلم کان     إذا       أفطر قال: اللھم لک صمت   وعلیٰ رزقک    أفطرت‘‘ یعنی  ان  کو خبر پہنچی  کہ نبی پاک صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ و سلم جب افطار کرلیتے تو یہ دعا پڑھتے : اے اﷲ!میں نے تیری رضا  کی  خاطر روزہ  رکھا اورتیرے رزق پر افطار کیا ۔   ( سنن أبی داؤد ، جلد 4 ، صفحہ40،حدیث 2358،مطبوعہ بیروت )

   امام محمد بن عبداللطیف المعروف ابن الملک اور امام حسین بن محمود المظہری رحمہمااللہ تعالیٰ اس حدیث کی شرح میں فرماتے ہیں :’’يقرأ هذا الدعاء بعد الإفطار‘‘یعنی یہ دعا افطار کرنے کے بعد پڑھی جائے گی۔ (شرح المصابیح لابن الملک ، جلد 2  ، صفحہ 519 )(المفاتیح فی شرح المصابیح للمُظھری ، جلد 3 ، صفحہ 24 ، طبع دار النوادر ، قطر)

   حضرت علامہ علی قاری رحمہ اللہ تعالیٰ مرقاۃ المفاتیح میں فرماتے ہیں : ’’ (کان إذاأفطر قال)أی دعا، و قال ابن الملک :أی قرأبعد الإفطار ‘‘ترجمہ : (جب افطار کرتے تو کہتے) یعنی دعا کرتے، علامہ ابن الملک نے کہا : یعنی افطار کرنے کے بعد یہ دعا پڑھتے تھے۔(مرقاۃ شرح مشکوٰۃ ، جلد 4 ، صفحہ 1387،مطبوعہ دار الفکر ، بیروت )

   فتاویٰ رضویہ میں ہے :’’مقتضائے سنّت یہی ہے کہ بعد غروب جو خرمے یا پانی وغیرہ از قبل نماز  افطار  معجل کرتے ہیں اُس میں اور علم بغروب شمس میں اصلا فصل نہ چاہئے یہ دعائیں اس کے بعد ہوں ۔(فتاویٰ رضویہ ، جلد 10 ، صفحہ 642، مطبوعہ رضا فاؤنڈیشن ، لاھور)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم