نفلی روزے کی نیت کب تک کر سکتے ہیں ؟ |
مجیب:مفتی قاسم صاحب مدظلہ العالی |
فتوی نمبر: Sar-6112 |
تاریخ اجراء:06شعبان المعظم 1439ھ23اپریل2018ء |
دَارُالاِفْتَاء اَہْلسُنَّت |
(دعوت اسلامی) |
سوال |
کیافرماتے ہیں علمائے دین ومفتیانِ شرع متین اس مسئلہ کےبارےمیں کہ اگرکوئی شخص رات کونفلی روزے کی نیت کرکےسوئےاورفجر میں آنکھ نہ کھُلے،توکیاوہ فجرکےبعد دن میں روزے کی نیت کرسکتا ہے؟ سائل:مولانا ذیشان المدنی (فیصل آباد) |
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ |
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ |
جی ہاں! دن میں نفلی روزے کی نیت کی جاسکتی ہے،کیونکہ نفلی روزے میں رات کے وقت ہی نیت کرنا ضروری نہیں،بلکہ نفلی روزہ میں دن کے وقت ضحوۂ کبریٰ یعنی نصف النہارشرعی سےپہلےپہلےتک بھی نیت کی جاسکتی ہے،لیکن اس میں یہ ضروری ہے کہ صبح صادق یعنی روزہ بند ہونےکے بعدسےضحوۂ کبریٰ تک روزہ توڑنے والی کوئی چیز نہ پائی گئی ہواور نیت بھی یہ کی جائے کہ میں صبح صادق سے روزہ دار ہوں اور اگر یہ نیت کی کہ اب سے روزہ دار ہوں،صبح سے نہیں،تو روزہ نہ ہوا۔ نفل روزہ میں دن کے وقت نیت کے بارے میں علامہ علاؤالدین حصکفی علیہ الرحمۃ درمختار میں لکھتے ہیں:” یصح أداء صوم رمضان والنذر المعین والنفل بنیة من اللیل الی الضحوة الکبری (ملتقطاً) “یعنی ادائے رمضان، نذرِ معین اور نفل روزوں کی غروبِ آفتاب سے ضحوۂ کبری تک نیت کرسکتے ہیں۔ ( درمختار مع ردالمحتار،ج3،ص393،مطبوعہ کوئٹہ) نفل روزے میں دن میں نیت کرتے وقت روزے کی نیت کاصبح صادق سے ہونےاورنیت کرتے وقت تک روزہ کے خلاف کوئی امرنہ پائے جانے کےبارےمیں صدرالشریعہ بدرالطریقہ حضرت علامہ مولانامفتی محمدامجدعلی اعظمی علیہ الرحمۃ لکھتے ہیں:”ادائے روزۂ رمضان اورنذرِ معین اور نفل کے روزوں کے لئے نیت کا وقت غروبِ آفتاب سے ضحوۂ کبریٰ تک ہے،اس وقت میں جب نیت کرلے، یہ روزے ہوجائیں گے۔ دن میں نیت کرے،تو ضرور ہے کہ یہ نیت کرے کہ میں صبح صادق سے روزہ دار ہوں اور اگر یہ نیت ہے کہ اب سے روزہ دار ہوں،صبح سے نہیں،تو روزہ نہ ہوا۔دن میں وہ نیت کام کی ہے کہ صبح صادق سے نیت کرتے وقت تک روزہ کے خلاف کوئی امر نہ پایا گیا ہو۔“ (بہارِ شریعت،ج1، ص 967 تا 969 ،مطبوعہ مکتبۃ المدینہ،کراچی) |
وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم |
اگر رَمضان کے روزے چھوٹ جائیں تو انہیں کسی بھی وقت رکھ سکتے ہیں
قضائے رمضان کے روزےکسی بھی موسم میں رکھ سکتےہیں؟
کیا تیس روزوں کا فدیہ ایک ساتھ ایک ہی فقیر کو دے سکتے ہیں؟
کن صورتوں میں روزہ توڑنے پر کفارہ لازم آتا ہے؟
کیا امتحانات کی وجہ سے طلبہ کا رمضان کےروزے قضا کرنا جائز ہے؟
سفر میں روزے کا حکم
سحری اور روزہ
کیا انجیکشن لگوانے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے؟