مجیب:مفتی
محمد قاسم عطاری
فتوی نمبر: FSD-8846
تاریخ اجراء: 06 شوال المکرم 1445
ھ / 15 اپریل 2024 ء
دارالافتاء اہلسنت
(دعوت اسلامی)
سوال
کیا فرماتے ہیں علمائے دین و
مفتیانِ شرع متین اس مسئلے کےبارے میں کہ ایک اسلامی بہن کو رمضان المبارک
میں مخصوص ایام آنے کی وجہ سے کچھ روزے چھوڑنے پڑے ، جن کی
قضا اس پر لازم ہے ، اس نے یہ سُن رکھا
ہے کہ شوال کے چھ روزوں کی بہت فضیلت ہے ، تو کیا ایسا
ممکن ہے کہ اسلامی بہن شوال میں اپنے قضا روزوں کی نیت سے
روزے رکھے اور ساتھ شوال کے نفل روزوں کی بھی نیت کر لے اور یوں ایک
ساتھ دونوں ہو جائیں ؟ قضا روزوں کی
ادائیگی کے ساتھ شوال کے نفل
روزے بھی ہو جائیں گے یا نہیں ؟
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ
الْحَقِّ وَالصَّوَابِ
قوانینِ شریعت کے مطابق ایک
ہی دن میں قضا اور نفل روزے کی
نیت نہیں ہو سکتی کہ
فرض و نفل دونوں جدا جدا مستقل حیثیت رکھتے ہیں اور
اگر کسی نے ایک ہی دن میں فرض ونفل روزہ کی نیت کرلی، تو یہ صرف فرض روزہ شمار ہوگا ،نفل روزہ نہیں ہوگا، لہٰذا پوچھی
گئی صورت میں رمضان المبارک کے قضا روزوں میں شوال کے روزوں کی
نیت نہیں کی جا سکتی ، اگر کسی نے دونوں کی نیت کی، تو صرف قضا
روزے ہوں گے ، شوال کے نفل روزے نہیں ہوں گے ۔
فتاوی
عالمگیری میں ہے:”اذانوی
قضا ء بعض رمضان والتطوع یقع عن رمضان فی قول ابی یوسف
رحمہ اللہ وھو روایۃ عن ابی حنیفۃ رحمہ اللہ کذا فی
الذخیرۃ“ ترجمہ: جب رمضان کے کسی روزے کی قضا
اورنفل روزہ کی نیت کی ، توامام ابویوسف عَلَیْہِ
الرَّحْمَۃ کے قول کے مطابق رمضان کاقضاروزہ ہوگا،یہی امام ابوحنیفہ عَلَیْہِ الرَّحْمَۃ سے بھی روایت ہے ،ذخیرہ میں
بھی یونہی ہے۔(فتاوی عالمگیری ،جلد1،صفحہ197،مطبوعہ کوئٹہ)
ردالمحتارمیں ہے:”اذاجمع بین فرض وتطوع
فانہ یکون مفترضاعندھمالقوتہ“ترجمہ : جب کسی شخص نے فرض اورنفل کی
نیت کو جمع کیا، تو شیخین عَلَیْہِمَا الرَّحْمَۃکے
نزدیک فرض کے قوی ہونے کی وجہ سے وہ فرض ادا کرنے والاہوگا۔(ردالمحتار مع الدرالمختار،جلد2،صفحہ155،مطبوعہ
کوئٹہ)
وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ
وَسَلَّم
اگر رَمضان کے روزے چھوٹ جائیں تو انہیں کسی بھی وقت رکھ سکتے ہیں
قضائے رمضان کے روزےکسی بھی موسم میں رکھ سکتےہیں؟
کیا تیس روزوں کا فدیہ ایک ساتھ ایک ہی فقیر کو دے سکتے ہیں؟
کن صورتوں میں روزہ توڑنے پر کفارہ لازم آتا ہے؟
کیا امتحانات کی وجہ سے طلبہ کا رمضان کےروزے قضا کرنا جائز ہے؟
سفر میں روزے کا حکم
سحری اور روزہ
کیا انجیکشن لگوانے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے؟