Kya Sadqa Fitr Subha Sadiq Ke Baad Sahib e Nisab Hone Se Wajib Hota Hai?

کیا صدقہ فطر صبح صادق کے بعد صاحب نصاب ہونے سے واجب ہوتا ہے ؟

مجیب:ابوصدیق محمد ابوبکر عطاری

فتوی نمبر: WAT-1076

تاریخ اجراء:17صفرالمظفر1444 ھ/14ستمبر2022 ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   زید عید الفطر کے دن صبح صادق کے وقت تو صاحب نصاب نہیں تھا مگر عید کی نماز کے بعد ظہر سے پہلے پہلے صاحب نصاب ہو گیا تو کیا زید پر صدقہ فطر واجب ہو گا ؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   پوچھی گئی صورت کے مطابق زید پر صدقہ فطر واجب نہیں ہو گا کہ صدقہ فطر واجب ہونے کا وقت صبح صادق ہے یعنی جو شخص صبح صادق طلوع ہوتے وقت صاحب نصاب تھا اس پر صدقہ فطر واجب ہے اور اگر صبح صادق کے بعد صاحب نصاب ہوا تو اب واجب نہیں ۔

   بہار شریعت میں ہے :’’عید کے دن صبح صاد ق طلوع ہوتے ہی صدقۂ فطر واجب ہوتا ہے ، لہذا جو شخص صبح ہونے سے پہلے مر گیا یا غنی تھا فقیر ہو گیا یا صبح صادق طلوع ہونے کے بعد کافر مسلمان ہوا یا بچہ پیدا ہوا یا فقیر تھا غنی ہو گیاتو واجب نہ ہوا اور اگر صبح طلوع ہونے کے بعد مرا یا صبح طلوع ہونے سے پہلے کافر مسلمان ہوا یا بچہ پیدا ہوا یا فقیر تھا غنی ہو تو اب واجب ہے ۔‘‘(بہارشریعت،ج01،حصہ05،ص935،مکتبۃ المدینہ)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم