Gandum Ke Ilawa Kishmish Jau Ya Khajoor Se Fitra Kitna Hoga ?

گندم کے علاوہ کشمش، جَو یا کھجور سے فطرہ کتنا ہوگا؟

مجیب:مولانا عابد عطاری مدنی

فتوی نمبر:Web-1607

تاریخ اجراء:17رمضان المبارک1445 ھ/28مارچ2024   ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   گندم کافطرہ نصف صاع کتنے کلو گرام بنتا ہے؟کیا گندم کے علاوہ دوسری چیزیں کشمش جو یا کھجور ، تو پورا صاع فطرہ دیں گے يا یہ سب بھی نصف صا ع ہی ہیں؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   صاع ایک برتن نما پیمانہ تھا جس میں کسی چیز کو  ڈال کر ماپا جاتا تھا ۔ اس کا وزن 3840 گرام بنتا ہے ۔ اگر گندم یا اس کا آٹا صدقہ فطر میں دیا جائے تو اس میں نصف صاع کا اعتبار ہے جو کہ 1920 گرام بنتا ہے اور اس کے علاوہ  کشمش ، جَویا اس کا آٹا یا ستو یا کھجور ہو تو اس کا وزن پورا صاع ہونا ضروری ہے ۔ ان چیزوں کے علاوہ مثلاً چاول ، چنے کی دال وغیرہ میں قیمت کا اعتبار ہے ، یہاں وزن معتبر نہیں ۔

   بہارِ شریعت میں ہے:”صدقہ فطر کی مقدار یہ ہے گیہوں یا اس کا آٹا یا ستّو نصف صاع، کھجور یا منقے یا جَو یا اس کا آٹا یا ستّو ایک صاع۔“(بہار شریعت،جلد1،صفحہ938،مکتبۃ المدینہ،کراچی)

   فتاوی رضویہ میں ہے :” شرع مطہر نے یہ صدقہ صرف چار چیزوں سے مقرر فرمایا ہے:گیہوں، جَو، خرما، زبیب۔ ان کے سوا پانچویں کوئی چیز چاول ہو یا دھان یا کپڑا وہ اُنھی میں ایک کی قیمت کے اعتبار سے جائز ہے ورنہ نہیں،گیہوں سے نیم صاع واجب ہے یعنی ایک سو پینتیس تولے کہ انگریزی روپیہ سے ایک سوچوالیس روپیہ بھر  ہُوا، اور اسی۸۰ روپیہ کے سیر سے پونے دوسیر اور پون چھٹانک اور بیسواں حصّہ چھٹانک کا،اور جَوسے اس کا دونا گیہوں یا جَو کا وہاں کم پیدا ہونا یا غذا میں مستعمل نہ ہونا یا دیہات میں نہ ملنا چاول کو بے لحاظ قیمت صرف صاع یا نیم صاع دے دینے کے قابل نہیں کرسکتا، بلکہ واجب ہے کہ اپنے ضلع میں گیہوں نیم صاع یا جَو، ایک صاع کی جو قیمت ہو اُس قدر دام  یا اُتنے دام کے چاول یا اورچیز ادا کریں۔ “(فتاوی رضویہ ، جلد10، صفحہ 292۔293، رضا فاؤنڈیشن، لاھور)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم