Le Palak Ko Bhanje Ki Biwi Ne Doodh Pilaya To Mamu Ke Liye Razaat Ka Hukum

لے پالک کو سگے بھانجے کی بیوی سے دودھ پلوایا تو حرمت رضاعت کا حکم

مجیب:مولانا محمد کفیل رضا عطاری مدنی

فتوی نمبر:Web-1665

تاریخ اجراء:01ذوالقعدۃ الحرام1445 ھ/10مئی2024  ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   میں نےایک بچی گود لی ہے، جس کی عمر ابھی تقریباً دو سال دس ماہ ہے،  میں اس کے ساتھ  رضاعت کا رشتہ قائم کرنا چاہتا ہوں ،اگر میرے سگے بھانجے کی بیوی اس کو دودھ پلا دے، تو کیا میرا اس سے رضاعی رشتہ قائم ہوجائے گا ؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

     پوچھی گئی صورت میں جب اس بچی کی عمر ڈھائی سال سے زیادہ ہوچکی ہےتو اب دودھ کا رشتہ کسی صورت قائم نہیں ہوسکتا،اس لیے کہ شرعی اصولوں کے مطابق بچے کو اسلامی سال کے حساب سے دوسال کی عمرتک دودھ پلانا، جائزہے ،اس کے بعددودھ پلانا حرام ہے تاہم ڈھائی سال کی عمرہونے سے پہلے دودھ پلادیاجائے ،تو رضاعت کا رشتہ قائم ہوجاتاہے لیکن جب بچہ ڈھائی سال کاہوجائے، تواس کے بعد دودھ پلانے سے رضاعت کارشتہ نہیں بنتا، لہٰذا جب بچی  کی عمر 2 سال 10 ماہ  ہوگئی ہے ، تو اب اس کو دودھ پلانا بھی حرام ہے اور اس سے رضاعت کا رشتہ بھی قائم نہیں ہوگا۔ اگر اس کی عمر 2 سال سے کم ہوتی،  تو ایسی صورت میں بھانجے کی بیوی کا دودھ پلانے سے یہ بچی آپ کیلئے محرم بن سکتی تھی کہ جس طرح بھانجے کی سگی بیٹی   محرم ہوتی ہے یونہی اس کی رضاعی بیٹی بھی محرم ہوتی ہے تاہم بیان کردہ صورت میں  اب  رضاعت قائم نہیں ہوسکتی،  جیساکہ اوپر واضح کیاگیا ۔

     بہار شریعت میں ہے:”بچہ کو دو برس تک دودھ پلایا جائے ،اس سے زیادہ کی اجازت نہیں ۔دودھ پینے والا لڑکا ہو یا لڑکی اور یہ جو بعض عوام میں مشہور ہے کہ لڑکی کو دو برس تک اور لڑکے کو ڈھائی برس تک پلا سکتے ہیں یہ صحیح نہیں ۔ یہ حکم دودھ پلانے کا ہے اور نکاح حرام ہونے کے لئے ڈھائی برس کا زمانہ ہے یعنی دو برس کے بعد اگرچہ دودھ پلانا حرام ہے ، مگر ڈھائی برس کے اندر اگر دودھ پلا دے گی ،حرمتِ نکاح ثابت ہوجائے گی اور اس کے بعد اگر پیا ،تو حرمتِ نکاح نہیں اگرچہ پلانا جائز نہیں۔“(بہارِ شریعت، جلد2،صفحہ 36،مکتبۃ المدینہ، کراچی)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم