مجیب:مولانا عابد عطاری مدنی
فتوی نمبر:Web-1718
تاریخ اجراء:19ذوالقعدۃالحرام1445ھ/28مئی2024ء
دارالافتاء اہلسنت
(دعوت اسلامی)
سوال
کیا گھر کے ہر اس فرد پر قربانی واجب ہوگی جو کماتا ہےیا صرف صاحبِ نصاب پر ہوگی؟نیز اگر کسی عورت کے پاس تین تولہ سونا ہو اور اس کے پاس دس ہزار کی رقم بھی موجود ہو ، تو کیا وہ صاحبِ نصاب کہلائے گی؟
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ
قربانی لازم ہونے کے لئے کمانا شرط نہیں ہے بلکہ صاحبِ نصاب ہونا شرط ہے۔ کتنے ہی ایسے لوگ ہیں جو بالکل نہیں کماتے ان پر شرائط پائے جانے کی صورت میں قربانی لازم ہوتی ہے۔ جس شخص کی ملکیت میں بقرعید کے تین دنوں میں حاجت اصلیہ سے زائد ساڑھے سات تولہ سونا یا ساڑھے باون تولہ چاندی ہو یاسوناچاندی نصاب سےکم ہوں ، لیکن جس قدر ہیں ، ان دونوں کو ملا کر یا سونے یا چاندی کو کسی دوسرے مال کے ساتھ ملا کر ، اُن دونوں کی مجموعی قیمت عید الاضحیٰ کے ایام میں ساڑھے باون تولہ چاندی کی قیمت کے برابر بنتی ہو تو اس پر شرائط کے مطابق قربانی واجب ہو گی۔
لہٰذا اگر کسی عورت کے پاس تین تولہ سونے کے ساتھ دس ہزار روپے ہوں تو ایسی عورت صاحبِ نصاب شمار ہو گی، اس پر دیگر شرائط کی موجودگی میں زکوٰۃ، فطرہ اور قربانی بھی لازم ہو گی۔
وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم
بیٹے باپ کے کام میں معاون ہیں تو کیا ان پر بھی قربانی واجب ہوگی؟
جس جانور کے سینگ کاٹ دیے اس کی قربانی کرنا کیسا؟
جس کا اپنا عقیقہ نہ ہوا ہو کیا وہ اپنے بچوں کا عقیقہ کرسکتا ہے؟
جانور کا ایک خصیہ نہ ہوتو کیا قربانی جائز ہے؟
اجتماعی قربانی کی رقم معاونین کواجرت میں دینا کیسا؟
بچے کا عقیقہ کس عمر تک ہوسکتا ہے؟
عقیقے کے گوشت سے نیاز کرسکتے ہیں یانہیں؟
سینگ جڑ سے ٹوٹ گئے قربانی جائز ہے یانہیں؟