Ijtamai Qurbani Ki Raqam Muavineen Ko Ujrat Mein Dena Kaisa ?

اجتماعی قربانی کی رقم معاونین کواجرت میں دینا کیسا؟

مجیب:  مفتی فضیل  صاحب مدظلہ العالی

فتوی نمبر: Fmd:0059

تاریخ اجراء:  26ذوالحجۃ 1437ھ/29ستمبر2016ء

دَارُالاِفْتَاء اَہْلسُنَّت

(دعوت اسلامی)

سوال

    کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس بارے میں کہ ہمارے یہاں مدرسہ میں اجتماعی قربانی کااہتمام ہواجس کے جانورکی خریداری کے لئےہماراکراچی سےمیرپورخاص جاناہواکیونکہ وہاں کم قیمت میں جانورمل جاتے ہیں اوراس کام میں ایک دن صَرف ہوا۔پھرقربانی کے بعدہم نےاَخراجات کاحساب کیادیکھاگیاکہ کافی مقدارمیں رقم بچ گئی توجن لوگوں نےجانورلانے اوروزن کرکے گوشت تقسیم کرنے میں معاونت کی اوراپناوقت دیااُس باقی ماندہ رقم سے اُن کی اُجرت طے کی اوراُنہی کی اجازت سے وہ رقم مدرسہ میں  دے دی جبکہ  اُن کی اُجرت پہلےمقررنہ کی گئی اورقربانی فارم میں ان کوتنخواہیں دینے کاذکربھی نہیں تھا۔اس بارے میں شرعی رہنمائی فرمائیں؟

         سائل:محمدتنویر

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

    شرعی طورپراجتماعی قربانی کا اہتمام کرنے والے اُن حصے داروں کےوکیل ہوتے ہیں اوروکیل کے پاس جورقم ہوتی ہے وہ مؤکِّل کی ملکیت میں رہتے ہوئےاُس کے پاس بطورِامانت ہوتی ہے۔امام اہلسنت الشاہ امام احمدرضاخان علیہ رحمۃالرحمٰن(متوفی 1340ھ)ارشاد فرماتے ہیں:”اور وکیل امین ہے “(فتاوی رضویہ،ج25،ص446،رضافاؤندیشن،لاہور)

    لہذاصورت مسئولہ میں اجتماعی قربانی کرنے والوں نے بچی ہوئی رقم(جوامانت ہے)سےقربانی کے معاملہ میں معاونت کرنے والوں کی تنخواہیں مقرر کرکے اوراُن کی اجازت سے مدرسہ میں لگاکرامانت کی رقم میں خیانت کی،اُن پرلازم ہے کہ توبہ کے ساتھ ساتھ اتنی رقم بطورِ تاوان ان حصے داروں کوپہنچائیں یا جس مدّمیں وہ استعمال کی اجازت دیں اس میں صَرف کریں۔

    اوررہی یہ بات کہ بچی ہوئی رقم سےاجتماعی قربانی میں جانورلانے اوروزن کرکے گوشت تقسیم کرنےمیں معاونت کرنے والے کی تنخواہیں مقررکرنے میں کیاحرج ہے،اس کاجواب یہ ہے کہ  یہاں پہلےسے اُن کی اُجرت مقررنہیں کی گئی لہذااُن کی یہ محنت بطورِاحسان قرارپائے گی اوراحسان کرنے والااپنے احسان کی اُجرت کاحقدارنہیں ہوتا۔

وَاللہُ اَعْلَمُعَزَّوَجَلَّوَرَسُوْلُہ اَعْلَمصَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم